بولی وڈ اداکار رنبیر کپور اپنے کیریئر میں زیادہ تر رومانوی کرداروں میں نظر آئے ہیں، تاہم اب ان کی اگلی فلم ’شمشیرا‘ کافی مختلف ہوگی۔
فلم ’شمشیرا‘ کی ہدایات کرن ملہوترا دے رہے ہیں، جس کی پروڈکشن یش راج کمپنی کے بینر تلے کی جارہی ہے۔
اس فلم میں سنجے دت بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جبکہ رنبیر کپور فلم میں ڈاکو بنے ہیں، فلم کی ٹیگ لائن ’کرم سے ڈکیت، دھرم سے آزاد‘ بھی کافی ڈرامائی رکھی گئی ہے۔
رنبیر کپور نے اپنی اس فلم کے حوالے سے بتایا کہ ’شمشیرا کسی ڈاکو کی کہانی نہیں، بلکہ یہ 1800 کے دور پر مبنی ہے، جس میں ڈاکوؤں کے ایک قبیلے کو دکھایا جائے گا، جو اپنی آزادی کی جدوجہد کریں گے، یہ فلم حقیقی کہانی پر مبنی ہے‘۔
مزید پڑھیں: ’کرم سے ڈکیت، دھرم سے آزاد‘
رنبیر کپور نے مزید کہا کہ ’میں جس طرح کی فلمیں کرتا ہوں شمشیرا ان سے کافی مختلف ہے، اس میں میرا باقی فلموں جیسا رومانوی کردار نہیں‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اس فلم کا ٹیزر سامنے آیا تھا، جس میں رنبیر کپور کے کردار کی جھلک پیش کی گئی تھی۔