قاہرہ: مصر کے بحیرہ احمر میں شارک نے سوئمنگ کرتے شخص پر حملہ کر کے اسے نگل لیا.شارک کے حملے میں 2 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں شارک کو سیاح پر حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شارک کے پہلے حملے کے بعد سیاح سوئمنگ کرکے ساحل پر پہنچنے کی کوشش کرتا ہے لیکن شارک دوسرا حملہ کرکے اسے نگل لیتی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب ہی ایک کشتی بھی کھڑی ہے جبکہ ایک کشتی سیاح کو بچانے کیلئے قریب آتی ہے لیکن تب تک شارک پوری طرح نگل چکی ہوتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے بتایا کہ شارک نے سیاحوں کے گروپ پر حملہ کر کے سیاح کو نگلنے کی کوشش کی۔ مرنے والے شخص کی عمر 24 سال بتائی گئی ہے۔ لاش کا ایک حصہ سمندر سے نکال لیا گیا ہے جبکہ باقیات تلاش کی جارہی ہیں۔ وزارتِ ماحولیات مصر نے تفصیلات سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ سیاح پر ٹائیگر شارک نے حملہ کیا جسے اب پکڑ لیا گیا ہے۔