نیویارک: آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم میکر شرمین عبید چنائے نے ٹالبرگ فاؤنڈیشن کی طرف سے ایلیاسن گلوبل لیڈر شپ ایوارڈ برائے 2018 جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق شرمین عبید چنائے پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنھوں نے ایلیاسن گلوبل لیڈر شپ ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے، یہ ایوارڈ انھیں فلم سازی کے ذریعے سماجی مسائل کو بہترین طریقے سے اجاگر کرنے پر دیا گیا۔
ججز کے مطابق شرمین عبید کو ان کی بڑھتی ہوئی مستحکم اور مؤثر لیڈر شپ پر ایوارڈ کے لیے چنا گیا جو نہ صرف دماغوں کو تبدیل کرنے کا باعث بنی بلکہ ایسے حقائق سامنے لائی جن کے نتائج اکیسویں صدی میں نا قابلِ قبول ہونے چاہیئں۔
شرمین عبید نے کہا ’مجھے یہ ایوارڈ ایک ایسے موقع پر ملا ہے جب سماج کے سامنے آئینہ لے کر کھڑی ہوں، جو بہت بڑی قیمت چکا رہا ہے، میرے ساتھی دنیا بھر میں سچ کی پاداش میں جیلوں میں ڈالے اور قتل کیے جا رہے ہیں۔‘