سعودی عرب کی فلکیاتی رصد گاہوں کے ماہرین نے قبل ازیں یہ پیشین گوئی کی تھی کہ جمعرات 29 رمضان کی شب سورج غروب ہونے سے 42 منٹ قبل نئے ہلال کی پیدائش ہوگی ۔اس لیے اگر مطلع صاف ہوا تو جمعرات کی شب شوال المکرم کا چاند نظر آنے کا واضح امکان ہے۔
دریں اثناء پاکستان کی مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں شوّال کا چاند کہیں سے بھی نظر آنے کی شہادت نہیں ملی ہے۔اس لیے عید الفطر ہفتہ 16 جون کو منائی جائے گی اور جمعہ کو رمضان کا تیسواں روزہ ہوگا۔
سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات ، انڈونیشیا ،اومان میں بھی شوّال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں بھی جمعہ کو عید منائی جارہی ہے۔ بھارت میں بھی شوّال کا چاند نظر نہیں آیا ۔اس لیے وہاں بھی ہفتے کو عید کا پہلا دن ہوگا۔
نئے اسلامی مہینے کا آغاز رؤیت ہلال کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور اسلامی کیلنڈر کا ہر مہینہ 29 یا 30 دن کا ہوتا ہے۔ چاند کی حرکت اور ایام میں اس رد وبدل کی بنا پر اسلامی مہینے کا آغاز کسی خاص تاریخ یا دن کو نہیں ہوتا بلکہ ہر سال اسلامی مہینے کے ایام تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔
چاند کی رؤیت کے اعلان کے لیے دو معتبر شہادتیں ہونا ضروری ہیں اور ان کی شہادتوں کے بعد نئے قمری مہینے کے آغاز کا اعلان کیا جاتا ہے۔نیز ہر ملک میں چاند کی رؤیت وقت کے فرق کی وجہ سے مختلف ہوسکتی ہے اور مختلف ممالک میں مختلف دنوں میں نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہوسکتا ہے۔اسی لیے دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔
قرآن مجید میں بیان کردہ تعلیمات اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور روایت کے مطابق ہلال کی رؤیت پر رمضان المبارک کا آغاز کیا جاتا ہے اور پھر 29 یا 30 روزے پورے ہونے اور شوال کا چاند نظر آنے پر عید الفطر منائی جاتی ہے۔