نئی دہلی، 10 دسمبر (یو این آئی) ہندی فلموں کے شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار نے اپنی فطری اداکاری کے ساتھ مختلف النوع کرداروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہرت کی بلند ترین منزلیں طے کیں۔
وہ اپنی خوبصورت شکل و صورت کے ساتھ ہی گھمبیر آواز میں مکالموں کی ادائیگی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔
دلیپ کمار کا اصلی نام یوسف خان تھا اور وہ غیر منقسم ہندوستان کے شہر پشاور میں ایک پشتون خاندان میں گيارہ دسمبر 1922 میں پیدا ہوئے تھے۔
ان کے والد کا نام لالہ غلام سرور جبکہ والدہ کا نام عائشہ بیگم تھا۔
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں ان کا آبائی مکان آج بھی محفوظ ہے اور اسے اب حکومت نے تاریخی ورثہ قرار دے دیا ہے۔
دلیپ کمار روزگار کی تلاش میں کم عمری میں ہی صنعتی شہر بمبئی آگئے تھے اور برطانوی فوج کی ایک کینٹین میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔
اسی کینٹین میں ان کی ملاقات معروف اداکارہ دیویکا رانی اور ان کے شوہر ہمانشو رائے سے ہوئی جنہون نے انہیں فلم میں اداکاری کی پیشکش کی۔
اس کے ساتھ ہی یوسف خان کے بجائے دلیپ کمار نام اپنانے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔
دلیپ کمار کی بطور اداکار 1944 میں ریلیز پہلی فلم ‘جوار بھاٹا’ تھی جوناکام رہی۔
تین برس بعد 1947 میں انہوں نے نور جہاں کے ساتھ فلم ‘جگنو’ کی اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی جس کی وجہ سے فلمی دنیا میں ان کی پہچان بڑھ گئی۔
پھر سن 1949 میں انہوں نے اداکار راج کپور کے ساتھ مل کر فلم ‘انداز’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اس فلم کی ہیروئن نرگس تھیں۔
اسی فلم میں ان کے شاندار اسٹائل اور عمدہ لب و لہجے نے انہیں ایک مقبول اسٹار بنا دیا۔