شملہ: ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ کے سنجولی میں واقع مسجد میں تعمیر کی مخالفت میں بدھ کو مخصوص تنظیموں کے ذریعہ بڑے پیمانے پر مخالفت کے خدشہ کے پیش نظر صبح سے ہی پولیس چوکس نظر آئی۔
صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کے ذریعہ پورے علاقے میں دفعہ 163 نافذ کر دیا گیا جو رات تک موثر رہے گا۔ اس دوران کسی بھی طرح کی مخالفت یا مظاہرہ و جلوس نکالنے پر پوری طرح پابندی رہے گی۔ نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے پورا سنجولی علاقہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے جبکہ مسجد مقام کو پوری طرح سے سیل کر دیا گیا ہے۔
غور طلب رہے کہ مخصوص تنظیموں اور مقامی لوگوں نے 11 بجے سے سنجولی میں پُرامن طریقے سے مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد چپے چپے پر پولیس جوان تعینات کر دیے گئے۔ حالات پر قابو رکھنے کے لیے ضلع پولیس نے ریاست کی سبھی چھ بٹالین تعینات کر دی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں چیکنگ شروع کرکے سنجولی کی طرف جانے والے سبھی راستوں پر پولیس کے جوان تعینات کر دیے ہیں۔
مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے سبھی داخلی دروازوں پر گزشتہ رات سے ہی پولیس کے جوان پہرا دے رہے ہیں۔ گاڑیوں میں آنے جانے والوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
شملہ کے ڈپٹی کمشنر انوپم نے بتایا کہ سنجولی علاقے میں دفعہ 163 نافذ ہے اور بغیر اجازت کے دھرنا-مظاہرہ کرنے والوں پر کارروائی کی جائے گی۔ یہاں 5 یا اس سے زیادہ لوگوں کے ایک مقام پر جمع ہرنے پر مکمل پابندی ہے۔ حالانکہ اس دوران علاقے میں عام زندگی پوری طرح سے بحال رہے گی اور اسکولوں سمیت تمام سرکاری و نجی دفاتر اور بازار کھلیں رہیں گے۔
واضح ہو کہ مسجد تنازعہ کے معاملے پر مخصوص تنظیموں کی ضلع انتظامیہ کے ساتھ منگل کی دیر رات ہوئی بات چیت ناکام ثابت ہوئی تھی جس کے بعد ان تنظیموں نے سنجولی بازار میں مظاہرہ کی بات کہی تھی۔ ہماچل دیو بھومی سنگھرش سمیتی کے سنیل چوہان نے کہا کہ ہم پُرامن مظاہرہ کرنے جا رہے ہیں، ہمارا مقصد سماج کو بیدار کرنا ہے۔