پڑوسی ملک سری لنکا میں برقع اور حجاب پر پابندی عائد کرنے کے بعد اب ہندوستان میں بھی برقع، حجاب پر پابندی لگانے کا شیوسینا نے مطالبہ کیا ہے۔ شیوسینا کے مراٹھی اخبار’سامنا‘ میں شائع اداریہ میں ہندوستان میں قومی سطح پر برقع پرپابندی عائدکرنے کا مطالبہ کیا گیاہے۔
شیوسینا نے وزیراعظم نریندرمودی سے سوال کیاہے کہ اگر راون کی لنکا میں برقع پرپابندی لگ سکتی ہے تورام کے ایودھیا میں برقع پرپابندی کیوں نہیں لگ سکتی ہے۔ وہیں دوسری جانب این ڈی اے نے شیوسینا کے مطالبہ کومسترد کردیا ہے۔ مرکزی وزیررام داس اٹھاولے نے کہا کہ برقع پرپابندی نہیں لگائی جانی چاہیے۔
سامنا میں شائع ادارئیے میں لکھا گیا ہے کہ فرانس، آسٹریلیا، اوربرطانیہ میں برقع پرپہلے سے پابندی لگائی گئی ہے۔ اب تازہ طورپر راون کی لنکا یعنی سری لنکا میں بھی برقع پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اس لیے ہندوستان کوچاہیے کہ وہ بھی برقع پرپابندی لگائے۔
وہیں دوسری جانب ہندو سینا تنظیم کے قومی صدر وشنو گپتا نے وزارت داخلہ کو اس سلسلے میں مکتوب روانہ کرتے ہوئے حجاب، برقع اور نقاب پر عوامی مقامات اور سرکاری و خانگی اداروں میں مکمل پابندی عائد کردینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وشنو گپتا نے سری لنکا کی مثال پیش کی جہاں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد وہاں کی حکومت نے نقاب پر پابندی لگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ برقعہ، حجاب پر پابندی سے دہشت گرد سی سی ٹی وی سے بچ نہیں سکتے ۔ورنہ انھیں بچنے کا موقع مل سکتا ہے۔