سری ہری کوٹا، 22 مئی (یو این آئی) ہندوستانی خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیرمین ڈاکٹر کے شیون نے بدھ کو کہا کہ لانچ وہیکل پی ایس ایل وی سی 46 سے کامیابی کے ساتھ لانچ ہونے والے اور زمین کی نگرانی کرنے والے رڈار امیجنگ سیٹلائٹ ری سیٹ -2 بی میں کئی خصوصیات ہیں۔
ڈاکٹر شیون نے کامیاب مشن کے بعد سائنسدانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ پی ایس ایل وی-سی 46، ری سیٹ -2 بی سیٹلائٹ کو 555 کلومیٹر کی اونچائی پر مخصوص مدار میں 37 ڈگری جھکاؤ پر نصب کردیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ مشن اس معنی میں اہمیت رکھتا ہے کہ پی ایس ایل وی نے خلائی جگہ میں 50 ٹن لے جانے کے ریکارڈ کوپار کیا ہے۔یہ اب تک 350 مصنوعی سیارہ کو مدار نصب کیا ہے جن میں سے 47 قومی مصنوعی سیارے ہیں اور باقی طلباءکے لیے اور غیر ملکی مصنوعی سیارے ہیں۔
ڈاکٹر شیون نے کہا کہ ری سیٹ -2 بی سیٹلائٹ ایک مصنوعی رڈار (ایس اے آر )سے لیس ہے جو زمین کی نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔