نئی دہلی، ؛ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈکوارٹر میں جمعرات کو پارٹی کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن جی وی ایل نر سنگھ راو کی پریس کانفرنس کے دوران ایک شخص نے اسٹیج پر جوتا پھینکا جو اتفا ق سے کسی کو نہیں لگا۔
پارٹی کے مرکزی ہیڈکوارٹر میں مسٹر نر سنگھ راو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ان کی بائیں طرف بی جے پی کے جنرل سکریٹری بھوپندر یادو بیٹھے تھے۔ اسی دوران ایک شخص نے اچانک اسٹیج کی بائیں طرف سے ایک جوتا پھینکا جو مسٹر نر سنگھ راو کے آگے سے نکل گیا اور اتفاق سے کسی کو لگا نہیں۔
اس واقعہ سے وہاں بیٹھے نامہ نگار اور اسٹیج پر بیٹھے نرسنگھ راو او رمسٹر یادو چونک گئے۔ بی جے پی کے میڈیا محکمہ میں کام کرنے والے کارکن جیتندراور اتراکھنڈ کے وزیراعلی کے خصوصی افسر دیویندر سنگھ راوت نے جوتا پھینکنے والے شخص کو پکڑلیا اور اسے فوراََ باہر لے گئے۔بعد میں اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مذکورہ شخص سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔