گذشتہ صدی میں دنیا کی 25 بااثر خواتین اور سب سے معروف پاپ گلوکارہ کا درجہ رکھنے والی امریکی گلوکارہ، لکھاری و ہدایت کار 60 سالہ میڈونا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔
پاپ گلوکارہ میڈونا نے الزام عائد کیا ہے کہ ہولی وڈ پروڈیوسر 66 سالہ ہاروی وائنسٹن نے انہیں تین دہائیاں قبل اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ ان کے ساتھ ایک دستاویزی فلم پر کام کر رہی تھیں۔
میڈونا نے ہاروی وائنسٹن پر ایک ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے جب کہ وہ دوسری الزام لگانے والی خواتین کے ساتھ معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
ہاروی وائنسٹن پر میڈونا سے قبل 100 کے قریب اداکاراؤں، گلوکاراؤں و دیگر خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات عائد کر رکھے ہیں اور ان کے خلاف کیسز زیر سماعت ہیں۔
ہاروی وائنسٹن پر امریکا کی مقامی عدالت نے جنسی جرائم کے تحت فرد جرم بھی عائد کر رکھی ہے اور وہ اس وقت ضمانت پر رہا ہیں۔
گزشتہ ماہ خبر سامنے آئی تھی کہ ہاروی وائنسٹن متعدد خواتین کے ساتھ پیسوں کے عوض معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں جس کے تحت ان کے خلاف سول مقدمات ختم ہوجائیں گے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ہاروی وائنسٹن کے ساتھ معاہدہ کرنے والی خواتین کون کون ہیں، تاہم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہولی وڈ اداکارہ ایشلے جڈ نے واضح کیا تھا کہ وہ معاہدہ کرنے والی خواتین میں شامل نہیں۔
خواتین اور ہاروی وائنسٹن کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدے سے قبل ہی دنیا کی معروف گلوکارہ، لکھاری و ڈائریکٹر میڈونا کی جانب سے جنسی ہراساں کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔