پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اگر اپنی منفرد آواز میں گانے کے چند بول ہی گا دیں تو شائقین انہیں سن کر شور مچانا شروع کردیتے ہیں۔
مداح عاطف کے ساتھ مل کر گاتے ہیں، پھر چاہے نوجوان ہوں یا بزرگ، مرد ہوں یا خواتین، وہ اپنے موبائل فونز سے ویڈیوز بناتے ہیں اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں،
انہیں ہر گانے کے بول معلوم ہیں، چاہے پرانے ہوں، کوک اسٹوڈیو کے کامیاب گانے، یا پھر بولی وڈ فلمز کے گانے ہوں، مداح ایک سے زائد گھنٹوں کے لیے صرف عاطف اسلم کی منفرد آواز سننے کے لیے ان کنسرٹس میں کھڑے رہتے ہیں۔
آج کے سوشل میڈیا کے دور میں ہمارے درمیان عاطف اسلم جیسے اسٹارز بہت کم ہی ہیں، ایسے اسٹارز جن کی فین فالوونگ کسی ایک عمر کے افراد تک محدود نہیں، جو ایک کے بعد ایک ہٹ گانیں ریلیز کرے، اور وہ جس کی مقبولیت صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی اتنی ہی زیادہ ہو، وہ جو بھارت میں پابندی کے باوجود بھی پہلے کی طرح ہی بولی وڈ کا حصہ بنا رہے، یقیناً عاطف اسلم ایک انوکھے میوزیکل سپراسٹار ہیں۔