نئی دہلی،7فروری؛ِدہلی کے نائب وزیراعلی منیش سیسودیا نے کہا ہے کہ مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے ان کے دفتر میں تعینات جس افسر کو رشوت لیتے گرفتار کیا ہے اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔
مسٹر سیسودیا کے دفتر میں گوپال کرشن مادھو بطور اسپیشل ڈیوٹی آفیسر(اوایس ڈی)تعینات ہے۔سی بی آئی نے اسے جمعرات کی دیر رات اشیا اورخدمات ٹیکس(جی ایس ٹی)کے ایک معاملے کو نمٹناے کے سلسلے میں دو لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔
مسٹر سیسودیا نے آج ٹویٹ کیا،’’مجھے پتہ چلا ہے کہ سی بی آئی نے ایک جی ایس ٹی انسپیکٹر کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔یہ افسر میرے دفتر میں بطور او ایس ڈی کے طورپر تعینات ہے۔سی بی آئی کو اسے فوراً سخت سے سخت سزا دلانی چاہئے۔ایسے کئی بدعنوان افسر میں نے خود پچھلے پانچ سال میں پکڑائے ہیں۔‘‘
افسروں نے بتایا کہ مادھو کو گرفتار کرنے کے فوراً بعد سی بی آئی ہیڈکوارٹر لے جایاگیا،جہاں افسر اس سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔
سی بی آئی نے یہ گرفتاری ایسے وقت میں کی ہے جب ہفتے کو دہلی میں ووٹنگ ہونی ہے۔