حیدرآباد، 31 مارچ (یواین آئی) دہلی کے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں ایک پروگرام میں شامل ہونے والے تلنگانہ کے چھ افراد کی کورونا وائرس (کووڈ -19) سے موت ہو گئی ہے۔
تلنگانہ کے طبی اور محکمہ صحت نے پیر کو دیر رات ایک بیان میں کہا کہ دہلی کے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں 13 سے 15 مارچ کے دوران ایک مذہبی اجتماع میں شامل ہونے والے کچھ لوگوں میں کورونا وائرس کے علامات پائے گئے تھے۔ اس مذہبی اجتماع میں شامل ہونے والے کچھ لوگ تلنگانہ کے بھی تھے جو پروگرام ختم ہونے کے بعد تلنگانہ لوٹ گئے تھے۔
ان میں سے گاندھی اسپتال میں دو، اور اپالو، گلوبل اسپتال، نظام آباد اور گڑوال میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹوں کی خصوصی ٹیموں نے ان مشتبہ افراد کی نشاندہی کی ہے جو ان لوگوں کے رابطے میں آئے تھے اور انہیں اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ وہاں ان کی جانچ اور علاج کیا جا رہا ہے۔
نظام الدین واقع تبلیغی جماعت کے مرکز سے کچھ ہی فاصلہ پر مشہور صوفی نظام الدین اولیا کا مزار ہے جہاں پر بڑی تعداد میں زائرین یہاں آتے ہیں لیکن ان دنوں درگاہ مکمل طور پر بند ہے۔
قابل غور ہے کہ نظام الدین واقع مرکز اسلام کی تعلیم کے فروغ کا دنیا کا سب سے بڑا مرکز ہے جہاں بہت سے ممالک کے لوگ آتے رہتے ہیں۔