لکھنؤ : سعادت گنج علاقہ میں رہنے والے ایک مزدور کی ۶ سال کی بیٹی کی اس کے ایک ساتھی نے عصمت دری کے بعد گلا ریت کر بہیمانہ قتل کردیا۔ ملزم بچی کو چپکے سے اپنے ساتھ اپنے گھر لے گیا تھا۔ دیر رات بچی کا گلا کٹی ہوئی لاش ملزم کے گھر میں پڑی ملی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔
اترپردیش میں لکھنؤ کے سعادت گنج علاقے میں ایک درندے نے اپنے دوست کی چھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد اس کا گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق پرانے لکھنؤ کے سعادت گنج علاقے میں رہنے والی چھ سالہ بچی اتوار کی دوپہر سے غائب تھی ۔ جب کافی دیر تک بچی گھر نہیں پہنچی تب اس کی تلاش کی گئی لیکن اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔
بعد میں اہل خانہ نے سعادت گنج پولیس اسٹیشن میں لڑکی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی۔ بچی کے والد نے اپنے دوست ببلو پر بچی کو غائب کرنے کا شبہ ظاہر کیا۔ اس کے بعد پولیس ٹھاكرگنج کے ہزارہ باغ میں واقع ببلو کے گھر پہنچی تو ملزم نشے کی حالت میں پایا گیا۔
پولیس نے جب اس سے پوچھ گچھ کی تو وہ کافی دیر تک گمراہ کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ اسی درمیان بچی کے گھروالے دوبارہ ملزم کے گھر پہنچ گئے جہاں ہنگامے کے خدشہ کے پیش نظر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ کے دباؤ پر پولیس نے ببلو کے گھر لگا تالا توڑا اور تلاشی لی تو اس کے پلنگ کے نیچے بچی ننگی حالت میں خون سے لت پت ملی۔ پولیس بچی کو لے کر ٹراما سینٹر گئی جہاں ڈاكٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بچی کے گلے پر تیز دھار ہتھیار کے نشان تھے۔