برلن: کورونا وائرس کی منتقلی کے حوالے سے ہونے والی نئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ مالک کے بستر پر ساتھ سونے والی بلیوں میں کورونا میں متلا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
برطانوی خبری ویب سائٹ دی مرر میں شایع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی Utrecht یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہےکہ بلیاں کورونا وائرس کو اپنے جسم میں محفوظ رکھتے ہوئے ممکنہ طور پر انسانوں میں اس وائرس کو منتقل کرسکتی ہیں۔
مطالعے کی سربراہی کرنے والی ڈاکٹر ایلس بروئینز کا کہنا ہے کہ کورونا مثبت والے مریضوں کو اپنے پالتو جانوروں سے دور رہنا چاہیئے کیوں کہ ان میں اس وائرس کو آگے منتقل کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ ماہرین کو خدشہ ہے کہ جانور اس وائرس کو دوبارہ انسانوں میں منتقل کرسکتے ہیں۔ اور کتوں سے زیادہ بلیوں میں اس کی اثر پذیری زیادہ ہے۔
اس تحقیق میں دو تہائی بلیوں اور 43 کتوں میں مثبت اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ کیا گیا۔ کتوں کی نصف تعداد میں کورونا کی علامات کمزوری اور بھوک میں کمی دیکھی گئی، جب کہ کچھ جانوروں میں کھانسی اور اسہال کی علامات پائی گئیں۔ کووڈ والی 40 فیصد بلیوں میں سانس لینے میں مشکلات اور ناک بہنے کی علامات سامنے آئیں جب کہ ان میں سے تین کی حالت تشویش ناک تھی۔
اس بارے میں ڈاکٹر ایلس بروئنز کا کہنا ہے کہ ’ ہمیں اس بات پر تحفظات نہیں ہیں کہ جانوروں میں کووڈ-19 کی علامات ہیں یا نہیں، لیکن ہمیں زیادہ تحفظات یہ ہیں کہ یہ پالتو جانور وائرس کو اپنے جسم میں محفوظ کر کے دوبارہ انسانی آبادی میں منتقل کرنے کا ممکنہ خطرہ بن سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کینیڈا کے شہراونٹاریومیں حال ہی میں اسی نوعیت کا ایک مطالعہ کیا گیا تھا، جس سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ مالک کے بسترپرساتھ سونے والی بلیوں میں کورونا میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ تھے۔