نئی دہلی ، 9 جولائی ؛ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں معمولی کمی درج کی گئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس انفیکشن کے 43 ہزار سے زائد کیسز درج کئے گئے ہیں۔
اس دوران جمعرات کو 40 لاکھ 23 ہزار 173 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی۔ ملک میں اب تک 36 کروڑ 89 لاکھ 91 ہزار 222 لوگوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 43،393 نئے کیسزسامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ سات لاکھ 52 ہزار 950 ہوگئی ہے۔ اس دوران 44 ہزار 459 مریض صحت یاب ہوئے جس سے اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجمعوعی تعداد دو کروڑ 98 لاکھ 88 ہزار 284 ہوگئی ہے۔ فعال کیسز 1977 سے گھٹ کر 4 لاکھ 58 ہزار 727 رہ گئی ہیں جبکہ اسی دوران 911 مریضوں کے فوت ہوجانے سے اموات کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ پانچ ہزار 939 ہوگئی ہے۔
ملک میں فعال کیسز کی شرح کم ہوکر 1.49 فیصد، بازیابی کی شرح بڑھ کر 97.19 فیصد اور اموات کی شرح 1.32 ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں فعال معاملات میں 171 کم ہونے کے بعد یہ تعداد 117698 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ریاست میں 8815 مریضوں کی بازیابی کے بعد کورونا کو مات دینے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 5889982 ہوگئی ہے جبکہ 439 مریضوں کی موت ہوجانے کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 124296 ہوگئی ہے۔