نئی دہلی : ہندوستان کی ایک کمپنی نے انتہائی سستا اسمارٹ فون متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔رنگنگ بیلز (Ringing Bells) نامی مقامی کمپنی کا ‘فریڈم 251’ اسمارٹ فون صرف 500 ہندوستانی روپے (تقریباََ 765 پاکستانی روپے) میں 17 فروری سے دستیاب ہوگا۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ سستا ترین اسمارٹ فون متعارف کروانے کا بنیادی مقصد وزیراعظم نریندر مودی کے ہندوستان کے ہر شخص کو بااختیار بنا کر ترقی کی کہانی لکھنے کے وژن کو پروان چڑھانا ہے.
ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر 17 فروری کو یہ اسمارٹ فون فریڈم 251 متعارف کروائیں گے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی موبائل مارکیٹ میں اس سے قبل بھی سستے اسمارٹ فون دستیاب تھے، جن میں انیل امبانی کی کمپنی ریلائنس کمیونیکیشن نے گزشتہ سال 999 روپے کا اسمارٹ فون متعارف کروایا تھا۔
500 روپے کا اسمارٹ فون متعارف کروانے والی کمپنی رنگنگ بیلز گزشتہ برس ہی قائم ہوئی ہے، اس سے قبل اس نے 3 موبائل فون متعارف کروائے تھے۔
رنگنگ بیلز نامی کمپنی نے اس سے قبل ہندوستان کا سب سے سستا 4G اسمارٹ فون متعارف کروایا تھا جس کی قیمت 2999 روپے تھی۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی موبائل فون بنانے والے ادارے چینی کمپنی شومی، گیونی اور امریکی کمپنی موٹرولا بھی ہندوستان میں موبائل فون بنا رہی ہیں لیکن حکومت مقامی کمپنیوں کو آگے بڑھنے پر زور دے رہی ہے۔