انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد دنیا کو آلودہ کر رہے ہیں، دنیا میں ہر روز 20ہزار افراد تمباکو نوشی سے متعلقہ امراض میں مبتلا ہوکر جان دے دیتے ہیں۔
انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہاکہ ترکیہ میں تمباکو نوش افراد کی تعداد میں جزوی کمی کا واقع ہونا خوش آئند ہے ، ترکیہ میں ہر سال 85ہزار کے قریب افراد تمباکو نوشی کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
رجب طیب اردگا ن نے کہا کہ دنیا میں بچوں کی نصف تعداد تمباکو نوشی کے مضر اثرات کا شکار ہو رہے ہیں،سگریٹ کے دھویں میں 4ہزار سے زیادہ مضرصحت کیمیائی اجزا موجود ہوتے ہیں جنہیں تمباکو نوش فضا میں پھیلانے کا سبب بنتے ہیں اور جو تمباکو کا استعمال نہیں کرتے وہ اس ہوا میں سانس لینے کی وجہ سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔