لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے بانی ملائم سنگھ یادو، محمد اعظم خاں اور پارٹی کے سینئر لیڈر شیوپال سنگھ یادو کی غیر موجودگی میں آج ہوئی سماج وادی پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں آئندہ 30 ستمبر سے پہلے پارٹی صدر کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا۔
ایس پی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ مجلسہ عاملہ نے 30 ستمبر سے پہلے پارٹی صدر کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے ۔ تمام تنازعات کے درمیان گذشتہ یکم جنوری کو پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں یہاں جنیشور مشر پارک میں ملائم سنگھ یادو کو ہٹا کر اکھلیش یادو کو صدر منتخب کر لیا گیا تھا۔
انہوں نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) صدر مایاوتی کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر اٹھائے گئے سوال کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس کی جانچ کرائے بغیر لوک سبھا کا الیکشن ای وی ایم سے نہ کرایا جائے ۔ لوک سبھا کا الیکشن بیلٹ کے ذریعے کرائے جائیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر جب سوال اٹھ ہی گیا ہے تو اس کی جانچ ہو ہی جانی چاہئے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کئی لوگوں نے انہیں حلف نامہ تک دینے کو کہا ہے ۔ ایسے لوگوں کا کہنا ہے کہ ووٹ انہوں نے ایس پی کو ہی دیا ہے ۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست کی وجوہات کا جائزہ حلقہ وار لیا جارہے ۔
مسٹر یادو نے بتایا کہ 15 اپریل سے دو ماہ تک ممبرشپ مہم چلائی جائے گی۔ بوتھ سطح تک پارٹی سے نوجوانوں کو جوڑا جائے گا۔ پارٹی آئین میں تبدیلی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کی کابینہ کی میٹنگ کا وہ انتظار کر رہے ہیں۔ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں عوام کو لبھانے والے فیصلے کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
انہوں نے طنز کیا کہ حکومت تو ابھی جھاڑو لگا رہی ہے ۔ انہیں تو پتہ ہی نہیں تھا کہ افسر اتنا اچھا جھاڑو لگاتے ہیں۔ اینٹی رومیو مہم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1090 کا نام ہٹا کر اینٹی رومیو کیا گیا ہے ۔ اینٹی رومیو مہم میں کئی جگہ صحیح لوگوں کو بھی پریشان کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی حکومت میں شروع کی گئی 1090 اسکیم لڑکیوں کے لئے انتہائی فائدہ مند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کو گمراہ کیا ہے ۔ جلد ہی عوام انہیں سمجھ جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن سے انہیں پتہ چل گیا ہے کہ سمجھانے سے نہیں بہکانے سے ووٹ ملتا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2022 میں ان کی حکومت واپس آئے گی۔ حکومت آنے پر وزیر اعلی کی رہائش گاہ پانچ کالی داس مارگ کو گنگا جل سے دھلوایا جائے گا۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ یوگی جی وزیر اعلی کی سرکاری رہائش گاہ پر ہون پوجن کرا رہے ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ مسٹر یوگی عمر میں ان سے اگرچہ ایک سال بڑے ہیں، لیکن کام میں وہ مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے بہت کام کروایا ہے ۔ میٹنگ میں راجیہ سبھا رکن پرو فیسر رام گوپال یادو، جیا بچن، پارٹی نائب صدر کرن مے نندا، نریش اگروال، ریاستی صدر نریش اتم وغیرہ موجود تھے ۔