نئی دہلی، 13 مارچ ؛ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے میڈیا آنے والی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے بدھ کو کانگریس کے صدر راہل گاندھی پر دفاعی سودے کے دلال کے ساتھ ساز باز کا الزام لگایا۔
محترمہ ایرانی نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چھاپے کے دوران برآمد دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ راہل گاندھی نے ہریانہ کے ایچ ایل پہوا سے زمین خریدی تھی ۔مسٹر گاندھی کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا اور ان کے بہنوئی رابرٹ واڈرا کے سلسلے میں بھی کاغذات برآمد ہوئے ہیں ۔ پہوا دفاعی سودے کے دلال سنجے بھنڈاری کے نزدیکی سی سی تھمپی کا ملازم ہے۔
بی جے پی کے رہنما نے کہا کہ اب تک یہ خیال کیا جارہا تھا کہ بھنڈاری اور مسٹر واڈرا کے درمیان مالی تعلق ہے، لیکن اب یہ معلوم ہوگیا ہے کہ بھنڈاری کا تعلق مسٹر گاندھی سےبھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر گاندھی کو اس کا جواب دینا چاہئے کہ ان کے دفاعی سودے کے دلال سے کیا تعلق ہے۔کیا اس لئے وہ ملک کے دفاعی معاملات میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میڈیارپورٹوں سے یہ واضح ہے کہ دفاعی سودوں میں راہل کی دلچسپی صرف سیاسی وجوہات کے لئے نہیں ہے، ان کا مالیاتی مفاد بھی اس سے منسلک ہے۔