فیس بک اس وقت جس سوشل میڈیا ایپ سے خطرہ محسوس کرتی ہے وہ سنیپ چیٹ ہے اور اب لگتا ہے کہ مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے خدشات درست بھی ہیں۔
سنیپ چیٹ نے اپنی ایپ میں نئے میسجنگ فیچرز کا اضافہ کیا ہے جن میں وائس اور ویڈیو کالنگ، آڈیو اور ویڈیو نوٹس اور اسٹیکرز قابل ذکر ہیں۔
اور ان اپ ڈیٹس کی بدولت سنیپ چیٹ براہ راست فیس بک میسنجر کے لیے خطرہ بن کر سامنے آئی ہے۔
رواں سال کے شروع میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھی کہ سنیپ چیٹ جلد کالنگ فیچر کو متعارف کرانے والی ہے جبکہ اس ایپ میں لائیو ویڈیو فیچر 2014 سے موجود ہے مگر چیٹ کا آپشن نہیں تھا۔
مگر اب پہلی بار اس نے دو صارفین کے درمیان بات چیت کے فیچرز کو متعارف کرا دیا ہے اور اب آپ کسی سے بھی آڈیو یا ویڈیو کالز کی مدد سے بات کرسکتے ہیں۔
ویڈیو چیٹ کا یہ آپشن فیس بک میسنجر کے ساتھ اسکائپ جیسی مقبول ایپ کے لیے بھی خطرے کی علامت ہے۔
اگر آپ سنیپ چیٹ پر موجود نہیں تو بھی آپ کو کسی کی کالنگ کا نوٹیفکیشن موصول ہوجائے گا اور آپ کے پاس اس کال کو نظر انداز کرنے، کیمرہ آن کیے بغیر بات کرنے جیسے آپشنز بھی موجود ہوں گے۔
اور ہاں ویڈیو کال کے دوران آپ ٹیکسٹ میسجز کا تبادلہ بھی کرسکیں گے۔
سنیپ چیٹ نے آڈیو اور ویڈیو نوٹس کے فیچرز بھی پیش کیے ہیں یعنی مختصر ویڈیو اور آڈیو کلپس، جنھیں آپ چیٹ میں فوری طور پر شیئر کرسکیں گے۔