ہندوستان پاکستان سمیت مختلف ممالک میں سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ کی سروس چند گھنٹوں کی بندش کے بعد بحال ہوگئی۔
دی ورج کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ شب چند گھنٹوں کے لیے اسنیپ چیٹ کی سروس متاثر ہوئی جس کی وجہ سے صارفین کی جانب سے اسنیپ اسٹریکس استعمال کرنے سے متعلق شکایات سامنے آئیں۔
اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں، اسنیپ چیٹ سپورٹ نے کہا کہ ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ اسنیپ چیٹرز کو اس وقت ایپ کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے، ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
تاہم اسنیپ چیٹ کی سروس میں پیش آنے والی خرابی کا ماخذ واضح نہیں تھا لیکن یہ گزشتہ دنوں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس میں ہونے والے مسئلے سے مختلف تھا۔
اسنیپ چیٹ ایپ کچھ صارفین کے لیے فعال تھی اور اگر صارف کچھ پوسٹ کرنے کی کوشش نہیں کررہے تھے تو انہیں سروس کے استعما؛ زیادہ مشکل محسوس نہ ہوئی۔
اس دوران اسنیپ چیٹ مسلسل کریش نہیں ہو رہی تھی جو اس ایپ کا ایک مسئلہ رہا ہے۔
بعدازاں اسنیپ چیٹ سپورٹ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے سروس میں آنے والی خرابی دور ہونے کی تصدیق کی۔
اس حوالے سے ٹوئٹر پر Snapchatdown# کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کررہا تھا اور صارفین کی جانب سے سروس متاثر ہونے پر میمز بھی شیئر کی جارہی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہوئی تھی جس کی وجہ سے صارفین کو کئی گھنٹوں تک سروس تک رسائی حاصل نہ ہوسکی تھی۔
4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب پاکستان سمیت دنیا کے بڑے حصے میں فیس بُک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور میسنجر کی سروسز تقریباً 6 گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال ہوئی تھیں۔
بعدازاں 9 اکتوبر کی شب کوفوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر تک رسائی کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔
اس حوالے سے فیس بک نے کہا تھا کہ جمعہ کو ہونے والی بندش کا پیر کے روز ہونے والے مسائل تعلق نہیں ہے۔