واشنگٹن۔ امریکہ کا سفر کرنے والوں کو اب اپنی ذاتی تفصیلات کے ہمراہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اوباما انتظامیہ نے امریکہ کا سفر کرنے والوں سے رضاکارانہ طور پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بتانے کی تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید موثر بنانا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چند ممالک جن کے شہریوں کو بغیر ویزے کے 90 روز تک امریکہ میں رہنے کی اجازت ہے ان سے سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات سے متعلق نہیں پوچھا جائے گا جب کہ کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن حکام کے مطابق سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات کی فراہمی سے کسی بھی شخص کے ممکنہ غلط عزائم سے متعلق تحقیقات میں مزید آسانی ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکی کانگریس نے مختصر مدت کے لئے امریکہ کا سفر کرنے والوں کے لئے قوانین میں سختی سے متعلق بل پاس کیا تھا۔