ممبئی: ممبئی میں رہائشی عمارتوں ، سرکاری اور نیم سرکاری اداروں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عبادت گاہوں میں بھی ایندھن کی بچت کے سلسلے میں اہم منصوبوں پر عمل جاری ہے اور مسلم اکثریتی علاقے میں واقع مینارہ مسجد کے بعد جنوبی ممبئی میں واقع 200سال قدیم جامع مسجد بمبئی ٹرسٹ نے بھی مسجد میں شمسی توانائی کا سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے مدنظر بجلی بل میں 67 فیصد کی بچت ہوگی ۔جبکہ سالانہ 35ٹن سی او 2خارج ہوگا۔
جنوبی ممبئی کے علاقے میں جامع مسجد، مینارہ مسجد اور زکریا مسجد کے بعد تیسری بڑی مسجد ہوگئی جس میں شمسی توانائی کا استعمال کیا جائے گااور 70 فیصد بجلی اسی نظام سے فراہم کی جائے گی۔انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ جامع مسجد میں اعلیٰ صلاحیت کا شمسی نظام نصب کیا گیا اور اس کی وجہ سے بجلی کے بل 60ہزار روپے ماہانہ کے بجائے صرف 20ہزار روپے ہوجائے گا۔یعنی 67فیصد کی بچت ہوگی۔
جامع مسجد کی چھت پر 92پینل کے ساتھ 31کلوواٹ (کے ڈبلیوپی) کو امسال نصب کردیا گیا تھا ،لیکن اکتوبر میں اس کی منظوری ملی ،جوکہ اوسطاً125کلوواٹ ہاور(کے ڈبلیو ایچ )ایک دن میں پیدا کرسکتا ہے اور سالانہ پیداوار کی گنجائش45,700کے ڈبلیو ایچ ہے ۔اس کی مددسے عام طورپر استعمال ہونے والی لائٹس ،پنکھے ،لفٹ اور ایئر کنڈیشنر استعمال کیے جائیں گے ۔ویسے ممبئی جیسے شہر میں ایک دوکمروں والے فلیٹ میں 8-10کے ڈبلیو ایچ بجلی روزانہ استعمال ہوتی ہے ۔
ممبئی کی200سال پرانی مسجد جامع مسجد آف بمبئی ٹرسٹ کی زیرنگرانی ہے اور اسے 1775میں تعمیر کیا گیا تھا ،جس کے احاطے میں محمد کتب خانہ ہے اور اس میں قدیم کتابیں اور قلمی نسخے محفوظ ہیں۔جبکہ جامع سنی کوکنی مسلم ٹرسٹ کے زیراہتمام ہے ۔جوکہ ایک تالاب پر تعمیر کی گئی اور ممبئی میں فن تعمیر کا بہترین نمونہ ہے ۔تالاب میں پہلے سے خوبصورت مچھلیاں پائی جاتی ہیں ،لیکن چھوٹے کچھوے بھی چھوڑے گئے ہیں،اور اس طرح ٹرسٹ کے ذریعہ سبز اور شفا ف ماحول کے لیے بیداری پیدا کی جارہی ہے ۔اس کا اظہار جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین نذیر احمد تنگیکر نے کیا اور کہا کہ نوجوان نسل میں آلودگی سے پاک ماحول کے سلسلے میں بیداری انتہائی ضروری ہے ۔شمسی توانائی کے نصب شدہ نظام پر آئے اخراجات کو 2021تک وصول کرلیا جائے ،اس کا مقصد یہ بھی ہے کہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو اس کا احساس ہواور وہ بھی اپنے گھروں اور دکانوں میں شمسی نظام کو نصب کریں اور ماحول کو آلودگی سے بچائیں۔اس سے نہ صرف مسجد کو بلکہ آس پاس کے ماحول پر بھی اثراور فائدہ ہوگا۔
جامع مسجد میں سولار سسٹم نصب کرنے والی گرین پاورپروجیکٹس پرائیوٹ لمیٹیڈ کے چیف آپریٹنگ افسر محمد سہیل شیخ نے کہا کہ جامع مسجدکو دیکھنے ملک بھر کے شہری آتے ہیں اور ان کے ذریعہ ایندھن بچانے اور سولارانرجی اختیار کرنے اور ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے سلسلے میں ایک پیغام وسیع پیمانے پر جائے گا۔