لکھنؤ: بی کے ٹی کے دھرجن پور میں شراب کے لئے روپئے نہ ملنے پر بیٹےنے کلہاڑی سے مسلسل کئی وار کرکے والد کا قتل کردیا جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ والد کو چھوٹا بیٹا چچا کی مدد سے اسپتال لے کر گیا جہاں ڈاکٹروں نے مزدور کو مردہ قرار دے دیا۔
قتل کی اطلاع پرپولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔
بخشی کا تالاب علاقہ کے درجن پور باشندہ مزدور برج لال 55 کے بڑے بیٹے پنٹو شراب پینے کی عادت ہے۔ دوشنبہ کی شام کو وہ والد کے 100 روپئے لے کر گھر سے نکلا تھا جس کےبعد برج لال بی کے ٹی میں ہی بھتیجے کے گھر مکان کے افتتاح میں چلے گئے تھے۔
چھوٹے بیٹے اودھ رام کے مطابق رات میں والد مکان کے افتتاح سے واپس آتے وقت کھانا لے کر آئے تھے انہوں نے پنٹو سے کھانے کےلئےکہا تھا لیکن اس نے کھانا کھانے سے انکار کردیا۔ وہ شراب پینے کےلئےاور روپئے مانگنے لگا۔
اس پر ناراض ہوکر برج لال نے بیٹے کو ڈانٹ دیا جس کےبعد وہ چھت پر سونے کےلئے سیڑھی سے جانے لگے تبھی پنٹو کلہاڑی لے کر آگیا اور والد پر پیچھے سے ہی مسلسل کئی وار کردیئے۔
کلہاڑی سے کئے گئے حملےسے زخمی ہوکر برج لال سیڑھی سے لڑکھڑاکر گرگئے جس کے بعد بھی پنٹو مسلسل والد پر وار کرتا رہا۔ برج لال کے چھوٹے بیٹے اودھ رام کے مطابق پنٹو کو روکنے کی کوشش کرنےپر وہ دھکا دے کر فرار ہوگیا تھا جس کے بعد اودھ رام نے چچا رام لال کو اطلاع دی۔
پھر والد کو علاج کےلئے کےجی ایم یو ٹراما سینٹر لے کرپہنچے جہاں ڈاکٹروں نے برج لال کو مردہ قرار دے دیا۔ اودھ رام کے مطابق پنٹو کی حرکتوں سے پریشان ہوکر بھابھی بھی گھر چھوڑکر چلی گئی تھیں۔
فارم ہاؤس کے پاس سے پکڑا گیا ملزم
ڈی سی پی شمال ابھیجیت آر شنکر نے بتایاکہ پولیس کو برج لال پر حملہ کئے جانے کا پتہ چلا تھا۔ علاج کےدوران ان کی اسپتال میں موت ہوگئی۔ اس بنیا دپر قتل کی دفعات میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم پنٹو کو پولیس تلاش کررہی تھی۔ منگل کی صبح استی روڈ واقع ایک فارم ہاؤس کے پاس سے پنٹو کو پکڑا گیا جس کی نشاندہی پر قتل میںاستعمال ہوئی کلہاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔