ممبئی ، 16 مئی (یو این آئی) بالی ووڈ کی دبنگ گرل سوناکشی سنہا یومیہ اجرت پانے والے مزدوروں کی مدد کے لئے اپنی پیاری چیز نیلام کرنے جارہی ہیں۔
سوناکشی نے یومیہ اجرت پانے والے مزدوروں کی مدد کے لئے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا ہے ۔
وہ اپنی سب سے خاص چیز نیلام کرنے جارہی ہے اور وہ اس سے جمع ہونے والی تمام رقم یومیہ اجرت والے مزدوروں کی مدد میں بطور عطیہ دیں گی۔
سوناکشی سنہا اپنے آرٹ ورک کی آن لائن نیلامی کرنے جارہی ہیں۔
ان میں سوناکشی کی ڈیجیٹل پرنٹ ، اسکیچ اور کینوس پینٹنگز شامل ہیں۔
سوناکشی نے خود ٹویٹ کرکے یہ جانکاری دی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں خود کی بنائی ہوئی تصویر کے ساتھ اپنی فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’اگر ہم دوسروں کے لئے کچھ نہیں کرسکتے تو کس بات کے اچھے ہیں۔
میرا آرٹ ورک میری سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بڑھا تا ہے۔
مجھے یہ سب کرکے بہت خوشی ہوتی ہے۔
لیکن اب اس کا استعمال دوسروں کے لئے کرکے مجھے مزید راحت ملے گی۔
سوناکشی نے کہا ’’ لاک ڈاؤن کا سب سے زیادہ اثر یومیہ اجرت حاصل کرنے والوں پر پڑا ہے۔
یہ لاک ڈاون ان مزدوروں کے لئے ایک بھیانک خواب کی طرح آیا ہے۔
وہ اتنے پریشان ہوگئے ہیں کہ ان کے پاس اپنے اور اپنے اہل خانہ کو کھانا کھلانے کے لئے کھانا تک بھی نہیں ہے۔
یہ بہت تکلیف دہ ہے۔
لہذا میں نے فنکائنڈ کے ساتھ جڑ کر اپنے آرٹ ورک کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس میں کینوس پینٹنگ اور خاکوں کا ایک مرکب ہوگا۔
یہ میں نے اپنے دل سے بنا لیا ہے۔
اب ان کی نیلامی سے آنے والی رقم ان یومیہ اجرت پانے والے مزدوروں کی مدد کے لئے دی جائے گی جو اپنے لئے کھانا بھی نہیں جٹا سکتے ہیں۔