نئی دہلی، 31 دسمبر (یو این آئی) مہاراشٹر میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی حکومت کی کابینہ میں توسیع کے ایک دن بعد کانگریس کوٹے سے وزیر بنائے گئے لیڈروں نے منگل کے روز یہاں پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی
کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اشوک چوان کے ساتھ ان لیڈروں نے پارٹی صدر کی رہائش گاہ 10 جن پتھ اور راہل گاندھی کی رہائش گاہ 12 تغلق لین میں ان سے علیحدہ ملاقات کی۔ اس دوران پارٹی تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے سی وینو گوپال،ریاستی انچارج جنرل سکریٹری ملک ارجن كھڑگے اور ریاستی انچارج سیکرٹری آشیش دعا بھی موجود تھے۔
محترمہ گاندھی اور مسٹر راہل گاندھی سے ملنے والے کانگریس کے اس وفد میں وہ لیڈر شامل تھے جنہیں ادھو ٹھاکرے حکومت میں پیر کے روز وزیر کے طور پر حلف لیا تھا۔
ریاستی کابینہ میں 36 وزیر شامل کئے گئے ہیں جن میں کانگریس کوٹے سے 12 وزیر بنائے گئے ہیں۔ مسٹر چوان کے علاوہ بالا صاحب تھوراٹ، ڈاکٹر نتن راوت، امت دیشمکھ، ورشا گائیکواڑ، يشومتی ٹھاکر شامل تھے۔
سمجھا جاتا ہے کہ ان لیڈروں نے ریاست کی مخلوط حکومت کے اب تک کے کام کاج اور کانگریس کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کے بارے میں پارٹی قیادت سے گفت و شنید کی۔
کچھ لیڈروں نے وزارت کی تقسیم کے تعلق سے بھی بات چیت کی۔ شیو سینا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے کے بعد کانگریس لیڈروں کی پارٹی قیادت کے ساتھ یہ پہلی ملاقات ہے۔