نئی دہلی: کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ملک کے باشندوں کو چھٹ تہوار کی مبارکبادی دی اور کہا کہ یہ تہوار عوام کو صفائی، بھائی چارے اور شائستگی کا پیغام دیتا ہے۔
سونیا گاندھی نے جمعہ کے روز جاری ایک پیغام میں کہا،”سورج کی پوجا دنیا کی کئی قدیم تہذیبوں میں مختلف شکل میں رہی ہے اور ہندوستان میں سوریہ دیو کی پوجا کی روایت قدیم زمانے سے چلی آ رہی ہے۔ بہار، مشرقی اتر پردیش اور جھارکھنڈ سمیت ملک کے کئی مقامات پر چھٹ پوجا کی جاتی رہی ہے۔”
سونیا گاندھی نے چھٹ پوجا کی اہمت بیان کرتے ہوئے کہا، ”ندی کے گھاٹوں پر بڑے پیمانے پر چھٹ پوجا کی وجہ سے ہمیں زندگی میں صفائی، بھائی چارے اور شائستگی پر عمل پیرا ہونے کا پیغام ملتاہے ۔ غروب آفتاب کی پوجا کے بعد طلوع آفتاب کی پوجا ہماری اعلیٰ اور قابل فخر روایت کی ایک ایسی مثال ہے جو ہندوستان کی منفرد ثقافت کو عیاں کرتی ہے۔”
انہوں نے کورونا کے وقت ہو رہی چھٹ پوجا کے تمام ورت رکھنے والوں اور ان کے اہل خانہ سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں مبارکباد اور ڈھیر ساری نیک خواہشات پیش کیں۔
راہل گاندھی نے کہا، ”ایک ایسا ورت۔پوجن جو طلوع آفتاب اور غروب آفتاب دونوں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ چھٹ کے تہوار کی سبھی کو دلی مبارکباد”۔
پرینکا گاندھی نے کہا، ”عوامی عقیدت کے عظیم تہوار چھٹ پوجا کی آپ سبھی کو دلی مبارکباد۔ چھٹی مَیَّا سب کا بھلا کریں۔”