ممبئی،10 جون(یواین آئی)مشہور اداکار سونو سود کا کہنا ہے کہ وہ سیاست میں نہیں آنا چاہتے۔
نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کو ان کے گھر تک پہنچانے میں مدد کرنے کےسلسلے میں سرخیوں میں آئے سونو سود نے سیاست میں داخل ہونے کے سوال پر جاری قیاس آرائیوں پر فُل اسٹاپ لگاتے ہوئے واضح کیا کہ وہ سیاست میں نہیں آنا چاہتے۔
انہوں نے کہاکہ وہ جو کررہے ہیں،وہ پوری طرح اس سے مطمعین ہیں۔سونو نے کہا،’’مجھے سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔میں مزدوروں کے تئیں پیار کی وجہ سے ایسا کررہا ہوں۔میں انہیں ان کے گھروالوں سے ملانے میں مدد کرنا چاہتاہوں۔‘‘
سونو سود نے کہا ،’’میری خواہش ہےکہ ہرمزدور کے اپنے گھر پہنچنے تک کام کرتا رہوں۔سفر پورے جوش سے جاری رہےگا۔کسی کو بےگھر نہیں رہنا چاہئے۔ہم چاہتے ہیں وہ صحیح سلامت اپنے گھر پہنچ جائیں۔
مجھے ان سے اس لئے لگاؤ ہے کہ میں بھی ممبئی میں دوسرے شہر سے آیا تھا۔ایک دن میں ریل گاڑی میں سوار ہوا اور یہاں پہنچ گیا۔ہر کوئی بڑے شہر میں اچھے مستقبل کا خواب سجا کر آتا ہے۔‘‘