ممبئی۔ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے لوگ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بالآخر انہوں نے یہ قدم کیوں اٹھایا۔ سوشل میڈیا میں بالی ووڈ صنعت میں اقربا پروری کو لے کر آواز اٹھ رہی ہے۔
اس بحث کے بیچ میں گلوکار سونو نگم نے ایک وی لاگ شئیر کیا ہے جس میں وہ یہ خبردار کرتے نظر آ رہے ہیں کہ سشانت کے بعد میوزک انڈسٹری سے بھی ایسی خبر آ سکتی ہے، کیونکہ جس طرح سے میوزک انڈسٹری میں مافیا سرگرم ہیں۔ ان کے کام کرنے کا طریقہ نئے بچوں کو پریشان کر رہا ہے۔
کئی ہٹ گانے دے چکے سونو نگم نے سشانت کی موت کے بعد میوزک انڈسٹری میں نئے گلوکاروں کا حال بیان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر سرگرم رہنے والے سونو نگم نے اپنے انسٹاگرام پر ایک وی لاگ شئیر کیا ہے۔ تقریبا ساڑھے سات منٹ کے اس ویڈیو میں سونو نگم نے بتایا ہے کہ کس طرح سے ایک دو لوگوں نے پوری میوزک انڈسٹری پر اپنا قبضہ جما رکھا ہے اور وہ ہی طئے کرتے ہیں کہ کس سے گانا گوانا ہے اور کس سے نہیں۔
وی لاگ میں سونو نگم نے کہا۔ ’ گڈ مارننگ، نمستے۔ میں نے بہت دنوں سے وی لاگ نہیں کیا۔ اصل میں میرا موڈ نہیں تھا۔ پورا ہندستان کئی طرح کے دباو سے گزر رہا ہے۔ ایک تو ذہنی اور جذباتی دباو، سشانت سنگھ راجپوت کے جانے کے بعد میں۔ دکھ ہونا لازمی بھی ہے، کیونکہ اپنے سامنے ایک جوان زندگی کو جاتے ہوئے دیکھنا آسان نہیں ہے۔ کوئی بہت سخت ہی ہو گا جسے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہو۔ اس کے علاوہ ہندستان اور چین کے بیچ جو چل رہا ہے جس میں ہندستان کے بیس جوان جو گھنٹوں لڑنے کے بعد تڑپ تڑپ کر مرے ہیں۔ میں ایک ہندستانی ہوں لیکن اس سے بھی زیادہ ایک انسان ہوں آپ کی طرح‘۔