ممبئی : سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزز لمیٹڈ کے درمیان ادغام کا معاہدہ طے پایا ہے۔ اس کے تحت زی انٹرٹینمنٹ کا سونی پکچرز میں ادغام کیا جائے گا۔
دونوں کمپنیوں نے آج جاری ایک بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں اپنے نیٹ ورکس کے ساتھ ڈیجیٹل اسیٹ، پروڈکشن آپریشنز اور پروگرام لائبریریوں کو ضم کریں گی ۔ ادغام کے بعد جو کمپنی بنے گی اسے ہندوستان میں درج کرانے کی بات کہی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے تحت سونی پکچرز نیٹ ورکس کے پاس 1.5 ارب ڈالرکی نقد رقم ہوگی، جس میں سونی پکچرز کے موجودہ پروموٹرز اور زی کے بانی پروموٹرز کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری بھی شامل ہے ۔ ادغام کےوجود میں آنے والی کمپنی میں کنٹرولنگ شیئر سونی پکچرز کی پیرنٹ کمپنی سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ انک کے پاس ہوں گے ۔ اس کمپنی کے شیئر 50.86 فیصد ہوں گے، جبکہ زی کے پروموٹرز کے شیئر 3.99 فیصد ہوں گے ۔ بقیہ 45.15 فیصد شیئرزی کے شیئر ہولڈرز کے ہوں گے۔
مسٹر پونیت گوئنکا ادغام شدہ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوں گے جبکہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں زیادہ تر ڈائریکٹر سونی گروپ کے ذریعہ نامزد کیے جائیں گے جس میں سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر این پی سنگھ بھی شامل ہوں گے ۔ مسٹر سنگھ بالآخر سونی پکچرز انڈیا کے چیرمین بنائے جائیں گے،وہ سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کے عالمی ٹیلی ویژن اسٹوڈیو اور سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کارپوریٹ ڈویلپمنٹ کے صدر روی آہوجا کو رپورٹ کریں گے ۔