میڈرڈ: اسپین کے حکام نے ویلنسیا کے ایک گودام سے بڑی تعداد میں حنوط شدہ جانور برآمد کرلئے۔قبضے میں لیے گئے ان حنوط شدہ جانوروں میں 400 سے زائد ایسی اقسام کے جانور شامل ہیں جن کی نسل کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ حنوط شدہ جانور اسپین میں جانوروں کو حنوط کرنے کی سب سے بڑی منڈی پر مارے گئے چھاپے کے دوران قبضے میں لیے گئے ۔ ان میں ایک ہزار سے زائد ایسے جانور بھی شامل ہیں جنہیں غیر قانونی طور پر اسمگل کیا جانا تھا۔
اسپین کی پولیس کے مطابق انہوں نے اتوار کو بیٹیرا ویلنسیا میں واقع 50 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ایک گودام سے حنوط کیے گئے گینڈے، ہاتھی، شیر، مگرمچھ اور برفانی ریچھ کے علاوہ دیگر جنگلی جانور برآمد کیے ہیں۔ان 1090 حنوط شدہ جانوروں میں 400 سے زائد بقا کے خطرے سے دوچار نایاب نسل کے جانور بھی شامل ہیں۔ ان میں افریقا کا سیدھے سینگھوں والا بارہ سنگھا، صحرائے صحارا کا سفید ہرن اور بنگال ٹائیگر شامل ہیں جو پہلے ہی ناپید ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مذکورہ گودام سے دیگر کئی قیمتی اقسام کے حنوط شدہ جانور بھی ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق اِن حنوط شدہ جانوروں کی کھیپ کا مالک ایک نامور کاروباری شخص ہے جس کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں لائی گئی تاہم اس سے برآمد کیے جانے والے حنوط شدہ جانوروں کی اسمگلنگ اور ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس حکام اس بات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس شخص کے پاس اتنی بڑی تعداد میں جانور کہاں سے آئے تھے۔ایک ہسپانوی اخبار لاس پرونشیاس کے مطابق اس کاروباری شخص کا دعوی ہے کہ اسے ان میں سے زیادہ تر جانور اپنے والد سے وراثت میں ملے تھے۔