نئی دہلی،28 مئی؛فضائی خدمات فراہم کرنے والی کفایتی کمپنی اسپائس جیٹ نے مسافروں کی مانگ میں کمی اور کارگو مانگ میں اضافے میں تیزی کے پیش نظر اپنے تین کیو 400 طیاروں کو مال بردار طیاروں میں بدل دیا ہے۔
ایئرلائن نے چھوٹے شہروں کے ہوائی سفر کےلئے استعمال کئے جانے والے اپنے ٹربوپروپ انجن والے تین کیو 400 طیاروں کی سیٹیں ہٹاکر ان طیاروں میں مال برداری شروع کردی ہے۔
اسپائس جیٹ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اجے سنگھ نے بتایا کہ فضائی مال نقل وحمل کی مانگ مسلسل بڑھر رہی ہے۔اس کے پیش نظر 78 سیٹ والے کیو 400 طیاروں کو مال بردار طیاروں میں بدلا گیا ہے۔ایک طیارے میں 8.5 ٹن سامان ڈھلائی ہوسکتی ہے جو چھوٹے شہروں کےلئے بالکل مناسب ہے ۔ان کا استعمال پہاڑی اور شمال مشرقی ریاستوں کےلئے کیا جا سکے گا۔
ایئرلائن کے بیڑے میں پہلے سے پانچ بوئنگ 737 مال بردار طیارے ہیں۔اس کے پاس 32 کیو 400 مسافر طیارے تھے جن میں سے تین کو مال بردار میں تبدیلی کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 82 بوئنگ 737 مسافر طیارے بھی اس کے بیڑے میں شامل ہیں۔