سری لنکا کے 3 گرجا گھروں اور 3 ہوٹلوں میں ہونے والے 6 دھماکوں کے نتیجے میں 215 افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سمیت مختلف شہروں میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں 6 بم دھماکوں کے نتیجے میں 215 افراد ہلاک جب کہ 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں امریکی اور برطانوی شہریوں سمیت 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ عوام سے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
لندن میں سری لنکا کی ہائی کمشنر نے نے کہا کہ 6 دھماکوں میں سے کچھ خود کش بمبار نے کیے تاہم ابھی خود کش بمبار کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل 8 دھماکے ہوئے ہیں جن میں سے 6 چرچوں اور ہوٹلوں پر کیے گئے جب کہ 2 دھماکے پولیس پارٹی پر ایک گھر پر چھاپے کے دوران کیے گئے۔
سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے عوام سے صبر و تحمل اور حکومت سے تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا ہے جب کہ 22 اور 23 اپریل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک کے صدر نے یہ اقدام ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور امن عامہ کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے اُٹھایا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس ملک کی حکومت، قوم اور خاص طور سے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ جبکہ پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا بھر میں اس کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔