سری لنکا نے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔
اس میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو فتح کے لیے 317 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم پہلے ہی سیشن میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سنچری اور کپتان سرفراز احمد نے نصف سنچری بنائی لیکن یہ دونوں اپنی ٹیم کو وائٹ واش کی ہزیمت سے بچانے میں ناکام رہے۔
یہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں پہلی شکست ہے اور اس کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم عالمی ٹیسٹ درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر چلی جائے گی۔
منگل کو آخری دن جب کھیل شروع ہوا تو کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق مجموعی سکور کو 27 رنز کے اضافے کے بعد 225 تک لے گئے۔
تاہم اس موقع پر سرفراز احمد پریرا کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے پردیپ کو کیچ دے بیٹھے۔
سرفراز اور اسد کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے اب تک 173 رنز کی شراکت ہوئی۔ یہ دونوں اس وقت کریز پر آئے تھے جب دوسری اننگز میں پاکستان کے پانچ کھلاڑی صرف 52 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو چکے تھے۔
سرفراز کی جگہ آنے والے محمد عامر چار رنز ہی بنا سکے اور پریرا کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
آؤٹ ہونے والے اگلے بلے باز یاسر شاہ تھے جو ہیرتھ کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ اس سیریز میں سری لنکا کے سب سے کامیاب بولر کی یہ اس اننگز میں پہلی وکٹ تھی۔
اسد شفیق 112 رنز کے سکور پر لکمل کی گیند پر کیچ ہوئے تو پاکستان کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔
آؤٹ ہونے والے آخری پاکستانی بلے باز وہاب ریاض تھے جنھیں سری لنکن کپتان دنیش چندیمل نے ہیرتھ کی گیند پر کیچ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دلروان پریرا نے پانچ، ہیرتھ نے دو جبکہ لکمل،گمانگے اور فرنینڈو نے ایک ایک وکٹ لی۔
خیال رہے کہ سری لنکا نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 482 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز کی خاص بات اوپنر کرونا رتنے کے شاندار 196 رنز تھے۔
اس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی تاہم فالو آن کے باوجود سری لنکا نے پاکستان کو دوبارہ بیٹنگ کروانے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سری لنکا نے ابوظہبی میں کھیلا گیا اس ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 21 رنز سے جیتا تھا۔