چنئی، ؛ دروڑ مُنیتر کژگم (ڈی ایم کے) کے سربراہ ایم کے اسٹالن پہلی بار سات مئی کی صبح راج بھون میں تملناڈو کے نئے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے چیف سکریٹری راجیو رنجن نے بدھ کے روز یہاں اس بات کا بہ ضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ گورنر بنواری لال پروہت جمعہ کے روز صبح نو بجے ایک سادہ تقریب میں مسٹر اسٹالن اور ان کے کابینی رفقاء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔
قبل ازیں مسٹر اسٹالن نے گورنر سے ملاقات کی اور اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔
مسٹر اسٹالن کے ساتھ پارٹی کے جنرل سکریٹری دُرَیمُروگن، پارلیمانی پارٹی کے رہنما ٹی آر بالو اور تنظیم کے سکریٹری آر ایچ بھارتی سمیت پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے راج بھون میں مسٹر پروہت سے ملاقات کی اور انھیں اراکین اسمبلی پارٹی کے لیڈر کی تجویز سونپی جس میں مسٹر اسٹالن کو رہنما منتخب کیے جانے کی معلومات تھی۔
مسٹر اسٹالن نے مسٹر پروہت کو اپنی اتحادی سمیت 133 اراکین اسمبلی کی حمایت سے متعلق ایک خط بھی سونپا۔ ڈی ایم کے کے اتحادیوں نے پارٹی کے ’طلوع ہوتے سورج‘ انتخابی نشان پر چھ اپریل کو الیکشن لڑا تھا۔
انہوں نے مسٹر پروہت کو اپنے کابینیہ کے رفقاء کی بھی فہرست سونپی۔
اس کے چند گھنٹوں کے بعد مسٹر پروہت نے مسٹر اسٹالن کو آئند سات مئی کو اگلی حکومت بنانے کی دعوت بھیج دی۔
کورونا وبا کے سبب مسٹر اسٹالن سات مئی کو راج بھون میں ایک سادہ تقریب میں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔