بولی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے فلموں میں اپنی دم دار اداکاری سے ہندی انڈسٹری میں خوب نام کمایا تاہم اب وہ اپنے کیریئر میں کچھ منفرد کرنے جارہے ہیں۔
’گینگز آف وسع پور‘ اور ’منٹو‘ جیسی فلموں میں جلوے بکھیرنے والے نوازالدین صدیقی اب اپنی نئی فلم ’موتی چور چکنا چور‘ میں اداکارہ اتھیا شیٹھی کے ہمراہ رومانوی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
اور اب اس فلم کی شوٹنگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔
اداکار سے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ’یہ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے جو ایک جوڑے کے گرد گھومتی ہے، اس فلم کی شوٹنگ بھوپال میں کی جارہی ہے، جبکہ پہلا شیڈول 10 نومبر کو ختم ہوگا، اس فلم کا ٹائٹل شادیوں میں موتی چوڑ کے لڈوں بانٹنے کی روایت پر رکھا گیا‘۔
یاد رہے کہ اتھیا شیٹھی نے 2015 کی فلم ’ہیرو‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔