معروف امریکی مصنف اور ماروول کامکس کمپنی کے شریک بانی سٹین لی 95 سال کی عمر میں وفات پا گئے ہیں۔
سٹین لی اور جیک کربی نے 1961 میں کمپنی ماروول کامکس بنائی تھی اور انھوں نے فینٹیسٹک فور نامی سیریز سے آغاز کیا تھا۔ بعد میں ان کے کامکس سپائڈر مین اور دی انکریڈیبل ہلک انتہائی مقبول ہوئے۔
سٹین لی کی بیوی جوئین 2017 میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی عمر بھی 95 برس تھی۔ سٹین لی کے سوگواران میں ان کی بیٹی جے سی لی شامل ہیں۔
جریدے ٹی ایم زی سے بات کرتے ہوئے جے سی لی نے کہا کہ ’میرے والد دنیا کے مہذب ترین مرد تھے۔‘
سٹین لی کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ماروول کی ہر فلم میں ایک کیمیو کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ تاہم انھوں نے 1972 میں ماروول کمپنی چھوڑ دی تھی اور صرف اعزازی چیئرمین تھے۔
سٹین لی جن سپر ہیوروز کو جنم دینے میں مصروف رہے، ان میں آئرن مین اور کیپٹن امریکہ شامل ہیں۔ ان کے بنائے ہوئے کرداروں پر مبنی فلمیں ہالی وڈ کی سب سے منافع بخش ترین فلموں میں سے ہیں۔ تازہ ترین ماروول فلم انفینیٹی وار نے تقریباً ڈھیڑ ارب ڈالر کمائے۔
ادھر اتوار کے روز سٹین لی نے اپنے فیس بک پیج پر ویٹرنز ڈے کے موقعے پر اپنی فوجی سروس کے دور کی ایک فوٹو لگائی اور ساتھ میں لکھا کہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران ان کے ساتھی انھیں پلے رائٹ (فسانہ نگار) پکارا کرتے تھے۔