13 جنوری سے پریاگ راج میں شروع ہو رہے مہاکبھ میلے کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ملک و بیرون ملک سے کروڑوں لوگ سناتن دھرم کے سب سے بڑے میلے میں شامل ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔
بیرون ممالک سے آنے والے مہمانوں میں سب سے اہم نام ’ایپل‘ کے شریک بانی اسٹیو جابز کی اہلیہ لارین پاویل کا ہے۔ پاویل کے ساتھ ساتھ انفوسس فاؤنڈیشن کی صدر سدھا مورتی اور جندل گروپ کی چیئرپرسن ساوتری جندل بھی شامل ہوں گی۔ ان اہم شخصیات کے علاوہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی بھی مہاکمبھ میں شامل ہوں گی۔
واضح ہو کہ ایپل کمپنی میں کام کرتے ہوئے اسٹیو جابز نے شہرت کے ساتھ ساتھ اربوں ڈالر بھی کمائے۔ انتقال کے بعد اسٹیو جابز کی جائیداد ان کی اہلیہ لارین پاویل کو وراثت میں ملی۔ فی الحال لارین پاویل تقریباً 25 بلین ڈالر کی مالک ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لارین پاویل 13 جنوری کو ہندوستان پہنچیں گی۔
مکمل پورنیما کے موقع پر لارین پاویل دیگر وی وی آئی پی خواتین کے ساتھ پہلی ڈبکی لگائیں گی اور سنگم کی ریت پر کلپواس (ایک طرح کا روزہ) کریں گی۔ نرنجنی اکھاڑے کے آچاریہ مہامنڈلیشور سوامی کیلاشانند کے کیمپ میں لارین پاویل کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لارین پاویل کلپواس کے دوران 19 جنوری سے شروع ہونے والی کتھا کی پہلی یجمان بھی ہوں گی۔ لارین پاویل 29 جنوری تک کیمپ میں رہیں گی اور اس دوران وہ ’سناتن دھرم‘ کو قریب سے جاننے کی کوشش کریں گی۔
انفوسس فاؤنڈیشن کی صدر سدھا مورتی بھی مہاکمبھ میں ’اَسنان‘ کریں گی۔ ان کے ٹھہرنے کے لیے اُلٹا قلعہ کے پاس کاٹیج تیار کیا گیا ہے۔ ساوتری دیوی جندل سوامی اودھیش نند اور چدانند مونی کے کیمپوں میں ٹھہریں گی۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی جونا اکھاڑا کے آچاریہ مہامنڈلیشور سوامی اودھیشانند گری مہاراج کے کیمپ میں قیام کریں گی۔