لکھنؤ: آرا و -اے آراو کا پیپر آؤٹ کرانے والے ماسٹر مائنڈ ڈاکٹر شرد سنگھ پٹیل سمیت چار ملزموںکوایس ٹی ایف نے لکھنؤ کے پی جی آئی علاقہ سے گرفتار کرلیا ہے۔ پکڑےگئے ملزموں میں پریاگ راج کے ایک اسکول کا منیجر اور ایک اسکول میں امتحانی کام کاج دیکھنےوالا شامل ہے۔
ملزموں کے پاس سے جائزہ افسر / معاون جائزہ افسر امتحان کا سوال نامہ ، قریب دو لاکھ روپئے ، 9 موبائل اور دو کاریں برآمد ہوئی ہیں۔ ایس ٹی ایف نے ملزموںکو کوشامبی ضلع کے منجن پور تھانہ میںد اخل کیا ہے۔
گرفتار ملزموں میں ڈاکٹر شرد سنگھ پٹیل باشندہ چنار مرزا پور حال پتہ فلیٹ نمبر 905 لونیش اپارٹمنٹ ورنداون اسکیم ، ابھیشیک شکلا باشندہ مکہ باغ راجہ بازار چوک، کملیش کمار پال باشندہ جھوسی پریاگ راج اور ارپت ونیت یشونت باشندہ کینٹ پریاگ راج ہے۔
یہ امتحان اسی سال 11فروری کو دو شفٹوں میں ہوا تھا۔ امتحان شروع ہونے سے پہلے پیپر لیک ہوکر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھابعد میں یوپی حکومت نے امتحان کو منسوخ کرکے معاملے کی جانچ ایس ٹی ایف کو سونپی تھی۔
ابھی تک کی جانچ میں یہ صاف ہے کہ پیپر لیک واردات کے ماسٹر مائنڈ ڈاکٹر شردھ سنگھ اور راجیو نین مشرا ہی ہیں۔
پہلے ویڈیو امتحان-2019 میں
جیل بھیجاگیا تھاماسٹر مائنڈ
اے ڈی جی قانون انتظامات امیتابھ یش نے بتایاکہ سنیچر کی دیر شام اطلاع ملی کہ پیپر لیک کرانے والے ڈاکٹر شردھ سنگھ پٹیل اپنے گروہ کے لوگوں کےساتھ اپنے فلیٹ کےآس پاس میٹنگ کرنے والا ہے۔ اس اطلاع پر ڈی ایس پی لال پرتاپ سنگھ کی ٹیم نے چھاپے ماری کرکے چاروںکو پکڑلیا۔
پوچھ گچھ میں پتہ چلاکہ ڈاکٹر شردھ سنگھ پٹیل کو پہلے ہی ویڈیو امتحان 2019 میں ایس ٹی ایف نے جولائی 2022 میں وارانسی سے جیل بھیجا تھا۔ ملزم شردھ نے سوربھ شکلا(منیجرڈی جی میموریل پبلک اسکول پارا لکھنؤ) کے ساتھ مل کر آر او /اے آر او امتحان 2023 کا پیپر امتحانی مرکز سے آؤٹ کرانے کی اسکیم بنائی تھی۔
سوربھ شکلا نے ایس پی بلیو اسٹار پبلک اسکول جھوسی پریاگ راج کے منیجر کملیش کمار پال کو اس اسکیم میں شامل کیاتھا۔ سازش کے تحت کملیش کمار پال عرف کے کے نے کئی مرتبہ لکھنؤ آکر سوربھ شکلا اور شردھ سنگھ پٹیل سے ملاقات کی تھی۔
پانچ لاکھ میں طے کیا تھا پیپر آؤٹ کرانے کا سودا
ملزم کملیش کمار پال عرف کے کے نے انہیں بتایا تھا کہ وشبھ جانسن گرلس اسکول اینڈ کالج پریاگ راج کا امتحانی کام دیکھنےو الے ارپت ونیت یشونت سے اس کی سیٹنگ ہے جو امتحانی مرکز پر پیپر پہنچتے ہی آؤٹ کرکر وہاٹس ایپ پر بھیج دے گا۔ ارپت ونیت یشونت نے کملیش کمار پال عرف کے کے سے پانچ لاکھ میں پیپر آؤٹ کرانا طے کیا تھا۔
ساتھ ہی ایک لاکھ امتحان سے پہلے ایڈوانس لیا تھا باقی روپئے کام ہونے کےبعد دینا طے ہوا تھا۔ اسکیم کے تحت 11فروری کی صبح کملیش کمار پال قریب 30:6بجے امتحانی مرکز وشم جانس گرلس اسکول اینڈ کالج کے باہر آگیا تھا۔
امتحانی مرکز پر 45:6 بجے پیپر حاصل ہونے اور سیکٹر مجسٹریٹ کے جانے کےبعد ارپت ونیت یشونت نے کملیش کمار پال کو فون کرکے اندر بلالیا۔ پیپر کے چار بنڈل تھے جس میں سے دو بنڈل گارڈ اور ایک بنڈل ارپت ونیت یشونت اور کملیش کمار پال لے کر نیچے سے پہلی منزل پر واقع اسٹرانگ روم میں لے گئے۔
گارڈ اور ارپت ونیت نے اپنے بنڈل اسٹرانگ روم میں رکھے لیکن پہلےاسکیم کے مطابق کملیش کمار پال نے اپنا بنڈل اسٹرانگ روم کے ٹھیک بغل میںواقع میڈیکل روم میں لے کر چلاگیا پھر وہاں پہلےسے رکھے کٹر کی مدد سے بنڈل کھول کر چاروں سیریز کے پیکٹ کھول کر اپنے موبائل سے فوٹو کھینچ کر پیکٹ اور بنڈل کو دوبارہ اسی طرح ٹیپ کی مدد سے چپکادیا۔
وہاٹس ایپ پر بھیجی آؤٹ پیپر کی چاروں سیریز
کملیش کمار پال نے آؤٹ پیپر کی چاروں سیریز پر وہاٹس ایپ پر سوربھ شکلا کو بھیج کر وہاں سے چلاگیا۔ سوربھ شکلا نے پیپر ڈاکٹر شردھ سنگھ پٹیل اور ارون سنگھ کو بھیج دیا تھا۔
شردھ سنگھ پٹیل نے آؤٹ پیپر راجیو نین مشرا کو بھیج کر بتایا کہ ایک دن پہلے جو پیپر آپ نے بھیجا تھا وہی پیپر سینٹر سے بھی آیا ہے۔ دونوں پیپر ایک ہیں ایجنسی یا پریس سے پیپر آؤٹ کرانےو الے گروہ میں راجیو نین مشرا باشندہ میجا پریاگ راج اور شبھم پرکاش باشندہ بیراجے نگر مدھوبنی بہار حال پتہ بھوانی چوک گوپال کا نام بھی روشنی میںآیا ہے۔
ان میں راجیو جیل میں ہے ایس ٹی ایف نے پکڑے گئے چاروں ملزموں کی کوشامبی ضلع کے تھانہ منجن پور میں داخل کیا ہے۔
پہلے بھی ہوئی ہیں گرفتاریاں
جائزہ افسر / معاون جائزہ افسر امتحان 2023 کا پیپر لیک معاملے میں ایس ٹی ایف نے 14مارچ کو ارون کمار سنگھ باشندہ کھرگا پور گومتی نگر ، تفصیلی بنیادی پتہ پرتاپ گڑھ اور سوربھ شکلا باشندہ پرتاپ گڑھ حال پتہ سیکٹر ایف آشیانہ کو سوال نامے سمیت ضلع لکھنؤ سے گرفتار کرکے تھانہ منجن پور ضلع کوشامبی سے جیل بھیجا گیا تھا۔ پھر 4اپریل کو ایس ٹی ایف نے امت سنگھ باشندہ گونڈا حال پتہ ڈی بلاک اندرا نگر کوپکڑا تھا۔