اویسی کی دہلی کی رہائش گاہ پر حملہ ہوا ہے۔ اویسی نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت کی ہے۔ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
نئی دہلی: شرپسندوں نے اتوار یعنی 19 فروری کو دیر شام دہلی میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کے گھر پر پتھراؤ کیا۔ پتھراؤ کے بعد اویسی کے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس واقعہ کی دہلی پولیس نے تصدیق کی ہے۔ گھر پر پتھراؤ کے بعد اسد الدین اویسی نے پولیس سے رابطہ کیا اور واقعہ کی اطلاع دی۔
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے الزام لگایا ہے کہ کچھ نامعلوم شرپسندوں نے دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا۔ یہ واقعہ شام 5.30 بجے اشوک روڈ علاقے میں پیش آیا۔ اطلاع کے بعد ایڈیشنل ڈی سی پی کی قیادت میں دہلی پولیس کی ایک ٹیم نے اویسی کے گھر کا دورہ کیا اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کئے۔
نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق اس واقعہ کے بارے میں اسد الدین اویسی نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا، “میں رات 11:30 بجے اپنی رہائش گاہ پر پہنچا۔ واپسی پر میں نے دیکھا کہ کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں اور چاروں طرف پتھر پڑے ہوئے تھے۔ میرے گھر پر کام کرنے والے شخص نے بتایا کہ شرپسندوں کے ایک گروپ نے شام 5:30 بجے کے قریب رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا۔
اے آئی ایم آئی ایم چیف اویسی نے یہ بھی کہا کہ ان کی رہائش گاہ پر یہ چوتھا حملہ ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ چوتھی بار ایسا حملہ ہوا ہے… میرے گھر کے آس پاس کافی سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں، اس سے ان تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ مجرموں کو فوری طور پر پکڑا جائے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فوری کارروائی کی جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اویسی راجستھان کے دو روزہ دورے پر تھے، جہاں انہوں نے اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کی مہم کا آغاز کیا۔