لکھنؤ،؛ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مین پوری، كاس گنج، ایٹہ، فیروزآباد وغیرہ اضلاع میں جمعرات کو آئے آندھی طوفان میں متاثرہ لوگوں کو فوری طور پر راحت پہنچانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت ان کے ساتھ ہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلی نے اس سلسلے میں یہاں جاری ہدایات میں متاثر اضلاع کے ضلع افسران کو کہا ہے کہ آندھی طوفان سے جانی و مالی نقصان اور مکانوں کے نقصان سے متاثرہ لوگوں کو24 گھنٹے کے اندر اندر امدادی رقم فراہم کر دی جائے۔ انہوں نے سٹیٹ ڈیزاسٹر فنڈ کی ہدایات کے مطابق متاثرین کو مالی مدد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ناگہانی آفت سے مرنے والوں کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے کی امدادی رقم فوری تقسیم کی جائے۔
یوگی نے ضلع افسروں کو یہ ہدایت بھی دی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں فصلوں کو ہوئے نقصانات کا فوری جائزہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ فصل کے نقصانات کے لئے 48 گھنٹے کے اندر اندر فارمنگ سروے کرایا جائے۔ جن کسانوں کی بوئی گئی فصلوں میں 33 فیصد سے زیادہ نقصان ہوا ہے، ایسے متاثر کسانوں کو زراعت سرمایہ کاری گرانٹ تقسیم کی جائے۔وزیر اعلی نے متعلقہ اضلاع کے افسروں کو نقصانا کا تخمینہ لگاتے ہوئے متاثرین کو بلا تاخیر معاوضہ دینے کی ہدایات دی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ راحتی کاروائی میں کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع افسروں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہیں کہ متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کے لئے اگر کسی اضلاع میں فنڈز دستیاب نہ ہو، ایسی صورت میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹ خزانہ قوانین -27 کے تحت فنڈزنکال کر متاثرین کو راحت پہنچائیں۔ اس رقم کی ایڈجسٹمنٹ کے لئے حکومت کو تجویز بھی بھیجیں ۔ واضح ر ہے کہ مین پوری، ایٹہ، فیروزآباد، ارريا کو جمعرات شام آندھی بارش کے دوران اولے گرنے سے فصلوں کو بہت نقصان ہوا ہے۔ لکھنؤ اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں آدھی رات کو آندھی بارش کے دوران فصلوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ متعدد مقامات پر درخت اکھڑ گئے۔ ان واقعات میں کئی لوگوں کی موت ہونے کی بھی اطلاع ہے۔