ہاپوڑ :ضلع کے بابو گڑھ حلقہ کے قصبہ سرد ھناجانے والی بارات کی بس نانوپور پل کے نزدیک ٹرک سے ٹکراگئی جس میں ایک باراتی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ اور ڈیڑھ درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرادیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد مہلوک اور زخمیوں کے اہل خانہ سردھنا کے لئے روانہ ہوگئے ۔
اطلاع کے مطابق بابو گڑھ علاقہ کے گاؤں اپیڑا کے رہنے والے کرشن تیاگی کے لڑکے سچن کی شادی میرٹھ کے سردھنا کی رہنے والی لڑکی سے طے ہوئی تھی۔ پروگرام کے مطابق باراتی سردھنا کے لئے روانہ ہوگئے ۔ جب بس نانپور گاؤں کے نزدیک پل پر پہنچی تو ایک ٹرک بس سے ٹکراگئی۔
بس کو بری طرح سے نقصان پہنچا ، راہ گیروں نے زخمیوں کو بس سے باہر نکالا جس میں ڈیڑھ درجن سے زائد باراتی شامل تھے، جبکہ راج پال جس کی عمر ۴۵سال تھی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرادیا۔ مومن مکل سچنو کرشن کی حالت زیادہ تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ لاش کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔