لکھنؤ: لیور کینسر سے متاثر مریض کا آپریشن پی جی آئی کے ڈاکٹروں نے لیپرو اسکوپی سے کر دیا۔ سنجے گاندھی پی جی آئی میں اس طرح کا آپریشن پہلی بار ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ لیپرو اسکوپک میجر لیور ریجکشن سرجری کے بعد مریض کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
پیشے سے مریض ٹیچر ہے اور اسپتال سے چھٹی ملنے کے بعد اس نے معمول کے مطابق کام کاج کرنا شروع کر دیا ہے۔ایس جی پی جی آئی کے گیسٹرو سرجری شعبہ کے ڈاکٹر اشوک کمار نے بتایا کہ گورکھپور کا رہنے والا 27سالہ مریض کرپا سندھو جب ان کے پاس آیا تو اس کی حالت کافی خراب تھی۔
مریض کے مطابق چار ماہ قبل اسے یرقان ہوا تھا دوائیں لینے کے بعد بھی راحت نہیں ملی اور قے و بخار آنے لگا۔ یرقان کی سطح مسلسل بڑھ رہی تھی۔ پی جی آئی میں جب اس کی جانچ کرائی گئی تو لیور کینسر کی تصدیق ہوئی۔
ڈاکٹر اشوک نے بتایا کہ لیپرواسکوپک سرجری سے پیٹ میں ایک چھوٹا سا چیرا لگا کر آنت کو پت کی نلی سے جوڑا گیا۔ آپریشن کے تین دن بعد مریض غذا لینے لگا۔ درد اور خون کا اخراج کم ہونے کے ساتھ ہی اسپتال میں بھی کم دن رہنا پڑا۔