فجر کی نماز کے وقت ایک خاتون خود کش بم حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس کے نتیجہ میں کم از کم پانچ نمازی جان بحق ہوئے ہیں ۔
ابوجا: شمال مشرقی نائجیریا میں ایک مسجد پر حملہ ہوا ہے۔ ایک خاتون خود کش بم حملہ آور نے مسجد کے نزدیک جا کر خود کو بم سے اڑا لیا، حملہ میں کم از کم 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ میدو گری سے 90 کلومیٹر دو ر قصبہ دیکوا میں واقع مسجد میں صبح کے تقریباً 5 بجے یہ حملہ کیا گیا اس حملے کا ذمہ دار بوکو حرام کو قرار دیا جا رہا ہے۔نائجریائی فوج کے ساتھ مل کر بوکو حرام سے جنگ لڑ رہے ایک مقامی جنگجو ابراہیم لیمان نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا ’’ایک خاتون حملہ آور نے نماز فجر کے وقت مسجد میں حملہ کیا۔ حملہ میں 5 نمازی جان بحق ہو گئے۔‘‘ انہوں کہا کہ اس حملہ میں بوکو حرام کا ہاتھ ہے اور وہی اس طرح کے حملوں کو انجام دیتا ہے۔ایک اور جنگجو رہنما عمر اری نے بھی لیمان کی بات کی تصدیق کی ہے۔ اری نے بتایا کہ فوجیوں نے شہر میں ایک دوسری خاتون حملہ آور کو تلاشی کے دوران روکنے کی کوشش کی لیکن اس نے خود کو اڑا لیا۔ اس دوسرے حملہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔