اگر ہم موسم گرما کے پھلوں کی بات کریں تو موسم گرما ہمیں بہت سے مزیدار پھل دیتا ہے جو ناصرف ذائقہ دار ہوتے ہیں بلکہ ہماری صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہوتے ہیں۔غذائیت سے مالا مال موسم گرما کے زیادہ تر پھلوں میں پانی کثرت سے موجود ہوتا ہے اور اُن پھلوں کو کھانے سے ہم موسم گرما میں پانی کی کمی کی شکایت سے دور رہتے ہیں، یہ پھل ہمیں گرمی میں ٹھنڈک بھی فراہم کرتے ہیں۔
اِس کے علاوہ موسم گرما کے کچھ پھلوں میں وزن کم کرنے کی خصوصیات بھی موجود ہیں جو ہمارے بڑھتے وزن کو کم کرتے ہیں اور ہماری جِلد کو حسین و دلکش بھی بناتے ہیں، اِسی لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ اِس موسم گرما میں آپ اپنی غذا میں ان پھلوں کو لازمی شامل کریں تاکہ آپ صحت مند گرمیاں گُزار سکیں۔
تربوز:
تربوز موسم گرما کے بہترین پھلوں میں سے ایک ہے اور پانی سے بھرے اِس گول پھل کو ’واٹر بال‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اِس میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جس کے کھانے سے ہم گرمیوں میں پانی کی کمی، ہیضہ، اُلٹی اور متلی جیسے مسائل سے دور رہتے ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ تربوز دِل کے مریضوں کے لیے مفید ہوتا ہے، یہ ہمارا بڑھتا ہوا ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کرتا ہے، سوزش جیسے مسائل کو کم کرتا ہے اور اِس کے علاوہ تربوز میں متعدد غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں جو ہماری صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہوتے ہیں۔
پپیتا:
پپیتا بھی گرمیوں کا ایک مزیدار پھل ہوتا ہے جس میں پاپین نامی ایک مرکب ہوتا ہے جو ہمیں صحت سے متعلق بہت سے فوائد فراہم کرتا ہے، پپیتا ہماری اچھی جِلد کے لیے بہت مفید ہوتا ہے، یہ ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے، پپیتا ہمارے نظام ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے، ہماری آنتوں کو صاف کرتا ہے اور ہمیں قبض جیسے مسائل سے بچا کر رکھتا ہے۔ اِس کے علاوہ پپیتا شوگر کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہوتا ہے۔
لیچی:
لیچی کے ذائقے کی بات کریں تو موسم گرما کے اِس پھل کا ذائقہ بہت اچھا ہوتا ہے، اِس پھل میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈینٹس، پروٹین اور دیگر ضروری غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں جو ہمیں بہت سے فائدے پہنچاتے ہیں، اِس کے علاوہ لیچی میں فائبر کی تعداد بھی زیادہ ہوتی ہے اور گرمیوں کا یہ پھل ہمارے جسم میں پانی کی کمی کو بھی دور کرتا ہے۔
انناس:
انناس بھی گرمیوں کا ایک ایسا پھل ہے جس میں پانی کثرت سے پایا جاتا ہے، انناس میں بیماریوں سے لڑنے والے اینٹی آکسینڈینٹ موجود ہوتے ہیں جو سوزش جیسے مسائل سے لڑنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، انناس ہمارے نظام ہاضمہ کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، ہمارا قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور انناس کا رس کھانسی کے لیے موثر علاج ہے۔
کیوی:
موسمِ گرما کا پھل کیوی آپ کو جِلد سے لیکر نظامِ ہاضمہ تک بہت سے فوائد فراہم کرتا ہے، کیوی دمہ کے مریضوں کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے، اِس میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے جو ہمارے مدافعاتی نظام کو بڑھاتا ہے، دل کی صحت کو بہتر طریقے سے فروغ دیتا ہے، بھرپور نیند کا سبب بنتا ہے اور ہماری جِلد کو تر و تازہ اور خوبصورت بناتا ہے۔