نئی دہلی: فرسٹ کلاس کرکٹ میں 750 وکٹیں لینے والے سابق لیفٹ آرم اسپنر راجندر گوئل اتوار کے روز عمر سے متعلق بیماریوں کے سبب چل بسے۔ وہ 77 سال کے تھے۔ رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ ان کے پاس ہے۔ راجندر گوئل کے خاندان میں بیوی اور بیٹے نتن گوئل ہیں۔
20 ستمبر 1942 کو ہریانہ، نروانہ میں پیدا ہونے والے گوئل اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں پٹیالہ، ہریانہ، پنجاب، دہلی اور شمالی زون کے لئے کھیلے اور انہوں نے 157 میچوں میں 18.58 کی اوسط سے 750 وکٹیں حاصل کیں۔ گوئل نے اننگز میں 59 وکٹیں لیں اور میچ میں 18 مرتبہ 10 وکٹیں لیں۔
سابق کپتان سنیل گواسکر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے، ’میں نے اپنے گھریلو کرکٹ کیریئر میں جن گیند بازوں کا سامنا کیا، ان میں راجندر گوئل کا نام سب سے اوپر آتا ہے۔ میں راجندر گوئل کا سامنا کرتے وقت کبھی مطمئن نہیں رہا’۔ اسے وقت کا تقاضا ہی کہا جاستکا ہے کہ ایسے راجندر گوئل کو ہندوستان کی قومی ٹیم میں کبھی جگہ نہیں ملی۔
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق صدر رنبیر سنگھ مہندر انے گوئل کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ گوئل ملک کے بائیں بازو کے بہترین اسپنرز میں سے ایک تھے لیکن وہ ایک ایسے وقت میں کرکٹ کھیل رہے تھے جب بائیں ہاتھ کے ٹیم کے اسپنر بشن سنگھ بیدی کا سکہ ہندوستانی ٹیم میں تھا۔ بیدی کے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ سے گوئل کبھی بھی ہندوستان کے لئے نہیں کھیلے تھے۔
بشن سنگھ بیدی نے راجندر گوئل کو بی سی سی آئی ایوارڈ تقریب میں سی کے نائیڈو کولائف ٹائم ایوارڈ سے نوازا تھا۔ انہوں نے 44 سال تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے 23 دسمبر 1958 کو پٹیالہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے سروسز کے خلاف فرسٹ کلاس کرکٹ میں قدم رکھا۔ اس کا آخری فرسٹ کلاس میچ 9 مارچ 1985 کو بمبئی کے خلاف ہریانہ کے لئے کھیلا تھا۔