مسجد نبوی میں آب زم زم کا یومیہ اوسط استعمال تقریبا 300 کیوبک میٹر ہے۔ العربیہ ٹی وی پر رمضان المبارک کے خصوصی پروگرام ‘من الحرمین الشریفین’ میں نشر ہونے والی ویڈیو رپورٹ کے مطابق مطلوبہ مقدار کو مکہ مکرمہ میں واقع کنگ عبدالعزیز ہائیڈرنٹ اسٹیشن سے 15 ٹینکروں کے ذریعے مدینہ منورہ منتقل کیا جاتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز ہائڈرنٹ اسٹیشن کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ “اس اسٹیشن کو آب زم زم کے لیے مرکزی ہائیڈرنٹ کی حیثیت حاصل ہے جہاں مسجد حرام کو فراہم کیا جانے والا اور ٹینکروں کے ذریعے مسجد نبوی تک پہنچایا جانے والا تمام آب زم زم فلٹر کیا جاتا ہے”۔
تقریبا دس ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم کنگ عبدالعزیز ہائیڈرنٹ اسٹیشن میں الٹرا وائلٹ شعاؤں کے ذریعے آب زم زم کی فلٹریشن اور اسٹیریلائزیشن کا عمل مکمل کیا جاتا ہے اور اس کے بعد اسٹیشن کے 8 فلنگ پوائنٹس میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔ اسٹیشن کے نیچے 4 زیرزمین ٹینک ہیں جو 16.5 ہزار کیوبک میٹر آب زم زم ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھتے ہیں۔ اس پانی کو پمپوں کے ذریعے 50 کیوبک میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بالائی ٹینک تک پہنچایا جاتا ہے جس کی گنجائش 500 کیوبک میٹر ہے۔ یہاں سے اس پانی کو اسٹیریلائزیشن اسٹیشن منتقل کردیا جاتا ہے۔
اس سلسلے میں حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے ایک ذمہ دار نے مسجد حرام میں العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “ماضی میں آب زم زم کو برف ڈال کر ٹھنڈا کرنا پڑتا تھا تاہم اب الحمد للہ سارا پانی ٹھنڈا ، فلٹر اور اسٹیریلائز کیا ہوا ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس حوالے سے انتھک اور عظیم کوششیں کی گئی ہیں”۔
آب زم زم کی بھرائی کا عمل مکمل طور پر محفوظ طریقے سے پورا کیا جاتا ہے اور بھرائی کے بعد ٹینکروں کی چھت پر اور پیچھے کے حصے میں ایسے تالے لگائے جاتے جن کو کسی طور بھی کھولا جانا ممکن نہیں۔ بعد ازاں یہ ان تالوں کو ٹینکروں کے مسجد نبوی پہنچنے کے بعد وہاں موجود مخصوص متعلقہ حکام اپنے قبضے میں موجود دیگر چابیوں کے ذریعے کھولا کرتے ہیں۔