نئی دہلی : سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن (این بی ای) کو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے 15 جون کو ہونے والے قومی اہلیت مع داخلہ ٹیسٹ (نیٹ-پی جی) 2025 ایک ہی شفٹ میں 3 اگست کو منعقد کرنے کی اجازت دے دی۔
جسٹس پرشانت کمار مشرا اور جسٹس آگسٹین جارج کی تعطیلی بنچ نے این بی ای کی درخواست پر یہ حکم دیا۔ عدالت نے اس ادارے کے دلائل کو تفصیل سے سننے کے بعد امتحان کی تاریخ میں توسیع کی درخواست منظور کر لی۔
اس سے پہلے 30 مئی کو، جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس سنجے کمار اور جسٹس این وی انجاریا کی بنچ نے ادیتی اور دیگر کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے، این بی ای کو یہ داخلہ امتحان پہلے سے طے شدہ دو جون کے بجائے 15 جون کو ایک ہی شفٹ میں منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر این بی ای امتحان کی تاریخ میں توسیع کی اجازت کے لیے اپیل کر سکتا ہے۔
عدالت عظمیٰ کے اس حکم کے بعد این بی ای نے امتحانی مراکز کی تعداد بڑھانے سمیت دیگر احتیاطی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے 3 جون کو درخواست کے ذریعے 3 اگست کو امتحان منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
بنچ نے 30 جون کو اپنے حکم میں کہا تھا کہ امتحان دو شفٹ میں نہیں لیا جانا چاہئے، کیونکہ اس سے امیدواروں کو مساوی مواقع نہیں ملیں گے۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ دو شفٹ میں امتحان کا انعقاد من مانی ہو گا اور معمول کے عمل کو بحسن وخوبی نافذ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ دو شفٹ کے امتحان میں سوالنامے کبھی بھی یکساں سطح کے نہیں ہو سکتے ہيں۔
قبل ازیں 5 مئی کو عدالت نے مذکورہ درخواست پر این بی ای، نیشنل میڈیکل کونسل (این ایم سی) اور وزارت صحت وخاندانی بہبود کو نوٹس جاری کیا تھا اور ان سے جواب طلب کیا تھا۔
سپریم کورٹ نے 22 مئی کو دوسری درخواست پر اپنا فیصلہ سنایا تھا، جس میں نیٹ-پی جی کی کونسلنگ میں سیٹ ریزرویشن سسٹم کو روکنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
عدالت عظمیٰ نے امتحان کے عبوری نمبروں، جوابات کی کلید اور رسمی کارروائیوں سے متعلق معلومات شائع کرنے کی ہدایت دی تھی۔