نئی دہلی، 8 مئی ؛سپریم کورٹ نے بنارس پارلیمانی حلقہ سے نامزدگی رد کیے جانے کے خلاف سرحدی سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے برخاست جوان تیج بہادر یادو کی شکایت پر الیکشن کمیشن کو جمعرات تک اپنا موقف رکھنے کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے بدھ کے روز الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ وہ درخواست گزار کی شکایت کی جانچ کرکے اپنا موقف کل تک عدالت کے سامنے پیش کرے۔
تیج بہادر کی جانب سے معروف وکیل پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ کے ایک سابقہ حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے متعلق عرضیاں مثالی ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) کے دوران دائر کی جا سکتی ہیں۔
تیج بہادر یادو نے نامزدگی منسوخ ہونے پر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ٹکٹ پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے تیج بہادر نے الیکٹورل افسر کے ذریعہ اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کو چیلنج کیا ہے۔